۲۲ رجب یوم وصال حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ
نتیجۂ فکر: اشرف رضا قادری
چھتیس گڑھ
نگاہِ مصطفیٰ کا انتخاب ہے معاویہ
وفا و عشق کی کھلی کتاب ہے معاویہ
سبق ہے جس میں زندگی و بندگی کا مندرج
خدا کے دینِ حق کا وہ نصاب ہے معاویہ
رضا و صبر و صدق و جود کے فلک کا بالیقیں
چمکتا، مسکراتا آفتاب ہے معاویہ
سیادتوں کے باغ کا ، قیادتوں کے باغ کا
گلاب ہے معاویہ ، گلاب ہے معاویہ
برائے مومنین ہے وہ شفقتوں کا سائباں
عدوئے دیں کے واسطے عذاب ہے معاویہ
نبی نے ’’ہادی ، مہدی‘‘ بننے کی انہیں دعائیں دی
جہاں میں اس لیے تو کامیاب ہے معاویہ
مخالفت کی آندھیاں نہ کچھ بگاڑ پائیں گی
کہ ان کے ہر سوال کا جواب ہے معاویہ
جہاں سے ہو کے جاتی ہے فلاحِ دیں کی رہ گزر
فلاح و کامرانی کا وہ باب ہے معاویہ
کہا جو اشرفؔ آپ نے نہیں ہے اس میں کوئی شک
عطا و جود و فیض کا سحاب ہے معاویہ