از قلم: محمد طفیل احمد مصباحی
کر مدحِ شہِ جن و بشر اور زیادہ
جائے گی تری فکر نِکھر اور زیادہ
جیتا ہوں ترے سایۂ الطاف و کرم میں
سرکار ! عنایت کی نظر اور زیادہ
ایوانِ سخن کو مرے کر دیجیے روشن
اے شمعِ حرم ، رشکِ قمر اور زیادہ
کر دیجے دعا اے شہِ بطحا کہ ہمارا
اللہ کرے علم و ہنر اور زیادہ
وہ زورِقلم مجھ کو عطا ہو کہ کہیں لوگ
” اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ "
تقلیدِ رضا خاں میں مرا خامۂ سیّال
چلتا رہے مدحت کی ڈگر اور زیادہ
احمد تو بصد شوق لُٹا اہلِ ادب میں
توصیفِ پیمبر کے گہرُ اور زیادہ