نعت رسول

شانِ نبی کائنات صلی اللہ علیہ وسلم

خامہ و فکر پہ اوصاف رَقَم تیرے ہیں
لب پہ نغمے اے شہنشاہِ اُمم تیرے ہیں

کون ہے صاحبِ ” لَولاکَ لَمَا ” تیرے سوا
یہ جہاں وہ جہاں، سب رب کی قسم تیرے ہیں

تاقیامت "وَرَفعنا لکَ ذِکرَک” کی ہے گونج
بامِ کونین پہ ہر سَمت عَلَم تیرے ہیں

بزمِ امکاں کے سبھی رنگ ہیں تیرے مَملُوک
عَرَض و جوہر و موجود و عدم تیرے ہیں

کیسے ہو تیری تجلی کا ہمیں اندازہ
یہ جو خورشید وقمر ہیں، یہ حَرَم تیرے ہیں

شاہِ دیں ، نور مبیں ، مالکِ کُل ، ختمِ رُسُل
ہر فضیلت سے بڑے جاہ و حشم تیرے ہیں

یدِ ہستی میں "مَفاتِیح خَزَائِن” موجود
” لِأُ تَمِّم ” سے کمالات اَتَم تیرے ہیں

پڑھ کے یہ جان لیا آیتِ ” مآ اٰتٰکُم”
سارےچھوٹے بڑے، محتاجِ کرم تیرے ہیں

اک طرف خاک پہ اے مَخزَنِ رحمت ترے پاؤں
اک طرف قصرِ "دَنٰی” میں بھی قدم تیرے ہیں

نَظمِ عالم ترے اَبرُو کے اشارے پہ چلے
کیسے اے جانِ جہاں ناز و نِعَم تیرے ہیں

سرفرازی تجھے حاصل ہے "وَمَا یَنطِق” کی
قلب و لب، وَحیِ خداوندی سے ضَم تیرے ہیں

عَلَّمکْ سے یہ عیاں ہے کہ ملے سارے علوم
بخدا زیرِ نظر لوح و قلم تیرے ہیں

اُن کی اک بوند کے ہم پایہ نہیں ہیں کونین
علم و عرفان و فراست کے جو یَم تیرے ہیں

فیض پر دست ونظر، ” لَا ” کا نہیں لب پہ گزر
واہ کیا رنگِ عطا ، شاہِ اِرَم تیرے ہیں

"أَنتَ حِلٌّ” کی قَسَم آئ کلامِ رب میں
کتنے محبوب ، نشاناتِ قدم تیرے ہیں

رحم فرما اے مسیحاے زماں، شاہِ شہاں
ہیں گنہگار ، مگر یانبی ہم تیرے ہیں

تیری یادوں سے مہکتا ہے مرا باغ حیات
شَکلِ گُل ہیں، مرے سینے میں جو غم تیرے ہیں

یہ وفا ، بس دَمِ ہستی میں نہیں ہے محدود
موت کے بعد بھی ہم رب کی قسم تیرے ہیں

یہ جو حاصل ہے فریدی کو فَروغِ ہستی
میرے سرکار ! یہ احسان و کرم تیرے ہیں

ازقلم: سلمان رضا فریدی صدیقی مصباحی بارہ بنکوی ، مسقط عمان

+96899633908

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے