نتیجۂ فکر: محمد جیش خان نوری امجدی مہراجگنج
سارے شہروں سے ہے اعلیٰ شہر طیبہ آپ کا
روکشِ خلد بریں ہے اس میں روضہ آپ کا
آپ کی کرتا ہے مدحت حق تعالیٰ آپ کا
مرتبہ کیا خوب ہے شاہ مدینہ آپ کا
کہہ کے یہ ،کوئی نہیں ہے آپ سا کل خلق میں
طائرِ سدرہ بھی پڑھتے ہیں قصیدہ آپ کا
ہے زباں پر جس کا چرچا عالم اسلام میں
یارسول مجتبی وہ ہے گھرانہ آپ کا
جس نے کر دی آل اپنی دینِ مولیٰ پر نثار
فاطمہ کا لال ہے وہ اور نواسہ آپ کا
اس کی بھی ہوگی شفاعت روز محشر بالیقیں
پڑھتا رہتا ہے دیوانہ جو بھی خطبہ آپ کا
آرزو اتنی ہے بس نوری کی جب آئے قضا
سامنے اس وقت ہو سرکار جلوہ آپ کا