متفرقات

جمعیۃ علماء ضلع فرخ آباد کا انتخابی اجلاس منعقد، مفتی ظفر احمد قاسمی آٹھویں مرتبہ صدر منتخب، وسیم رضوی کی قرآن مخالف حرکت پر علما کا شدید رد عمل

خدمت خلق اللہ کی معرفت اور رضا کے حصول کا بہترین ذریعہ: مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی
حکومت اگر ملک میں امن و امان چاہتی ہے تو وسیم رضوی کو فورا گرفتار کرے: مفتی ظفر احمد قاسمی

فرخ آباد: 14 مارچ، ہماری آواز(یاسرعبدالقیوم قاسمی) اللہ رب العزت نے انسانوں کو اپنی بندگی کیلئے اس دنیا میں بھیجا ہے، حضرت انسان کی بعثت کا مقصد اپنے مالک کو راضی کرنا ہے اور اللہ رب العزت کی رضا اور معرفت کے حصول کا سب سے اہم ذریعہ خدمت خلق ہے۔ جمعیۃ علماء ہند کی بنیاد، اس کی تاریخ اور آج تک اس کی تمام تر خدمات کا مقصد تمام انسانوں کی خیر خواہی، ہمدردی اور ان کو نفع پہنچانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء شہر کانپور کے جنرل سکریٹری مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے جمعیۃ علماء ضلع فرخ آباد کے انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مولانا نے کہا کہ مسلمان اس ملک پر اپنا استحقاق رکھتا ہے، استحقاق اور ذمہ داری لازم و ملزوم ہے۔ جس طرح ہمارے اکابر نے ملک اور ملک کے باسیوں کو آزادی دلانے کی خاطر جان و مال کا نذرانہ پیش کیا، کسی بھی قسم کی قربانی سے گریز نہیں کیا، اسی طرح ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ ہم خود اپنے ملک کے تحفظ و ترقی، عالمی سطح پر ملک کی نیک نامی اور داخلی و خارجی مضبوطی کا ذریعہ بنیں۔ ہمارے بڑوں نے جو قانون اور سنودھان ہمیں دیا ہے، خود بھی اس کے دائرہ میں رہیں اور جو لوگ اس قانون میں چھیڑ چھاڑ کرکے اس میں رد و بدل کی فراق میں ہیں، اپنی استطاعت کے بقدر ان کو اس عمل روکنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔

مولانا نے مزید کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کا ایک ایک عمل قرآن و سنت سے مزین و مدلل ہے، جمعیۃ کے کاموں میں گزرا ہوا ایک ایک لمحہ ثواب ہے، جس طرح ہم دیگر عبادات کو کارِ ثواب سمجھ کر انجام دیتے ہیں اسی طرح جمعیۃ کے ذریعہ جاری کاموں کو بھی اہمیت دیں، جو لوگ جمعیۃ کے ذریعہ خدمات انجام دے رہے ہیں ان کی قدر کریں، ان کیلئے دعا کریں، اور ہر موقع پر بقدر استطاعت جمعیۃ کی آواز پر اپنا جان، مال اور وقت لگانے کیلئے تیار رہیں۔

اس سے قبل تمام اراکینِ منتظمہ نے اتفاقِ رائے سے مفتی ظفر احمد قاسمی کو آٹھویں مرتبہ ضلع فرخ آباد کا صدر منتخب کیا، صدر منتخب ہونے کے بعد مفتی ظفر احمد نے تمام اراکین کے مشورے سے مولانا عبدالرب قاسمی کو اپنا جنرل سکریٹری نامزد کیا۔ نائب صدر کے عہدہ کیلئے مولانا ذوالفقار نقشبندی، مولانا واصف جمیل قاسمی، حاجی وصی احمد اور حافظ عبدالخالق نیز خازن کیلئے مفتی محمد مکرم کا نام پیش کیا گیا جسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔

مفتی ظفر احمد قاسمی نے اپنا خطاب میں کہا کہ جمعیۃ علماء ہند مسلمانوں کو اشتعال اور مایوسی سے بچا کر دینی، سیاسی، سماجی، اقتصادی اور ذہنی طور پر مضبوط کرنا چاہتی ہے۔ جمعیۃ علماء حقیقت پسند جماعت کا نام ہے، وہ قوم کے جذبات سے کھیل کر وقتی طور پر واہ واہی وصول کرنے والی جماعت نہیں ہے۔ جمعیۃ علماء کے ذمہ داران کی زبان سے نکلا ایک ایک لفظ بہت سوچ سمجھ کر اور تول کر بولا جاتا ہے۔ مفتی ظفر احمد قاسمی نے ملعون وسیم رضوی کی قرآنِ مقدس کے خلاف ہرزہ سرائی کے تعلق سے تجویز پیش کرتے ہوئے ریاستی و مرکزی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ ملک میں امن و امان کی بقاء کی خاطر جلد از جلد اس ملعون پر قانونی کارروائی کریں۔ اگر حکومت اس معاملہ میں مزید لاپرواہی برتتی ہے تو پوری دنیا میں یہ پیغام جائے گا کہ بھارتی حکومت امن و امان کے قیام کو لیکر سنجیدہ نہیں ہے، اس سے عالمی سطح پر ہمارے ملک کی شبیہ متاثر ہوگی۔ انہوں تمام اراکین کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

جمعیۃ علماء ضلع فرخ آباد کے جنرل سکریٹری مولانا عبدالرب قاسمی نے اس تجویز کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم ساری انسانیت کی کامیابی کا نسخہ لیکر نازل ہوا ہے، افسوس کہ آج ہم نے اس کو محض برکت کی کتاب بنا رکھا ہے اور اس کا جو حقیقی پیغام ہے اسے خود بھی بھول بیٹھے ہیں اور دوسروں کو بھی نابلد کررکھا ہے۔ مولانا نے کہا کہ اللہ کی طرف سے ہمیں متنبہ اور متوجہ کیا جارہا ہے کہ ہم قرآن کی طرف متوجہ ہوں اور اس کے عالمی و آفاقی پیغام کو عام کریں۔

اس سے قبل قاری اسعد اقبال کی تلاوت سے اجلاس کا آغاز ہوا، مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کے ہاتھوں پرچم کشائی ہوئی، مولوی عکرمہ سلیمان نے جمعیۃ علماء ہند کے جھنڈے کا ترانہ پیش کیا۔ جنرل سکریٹری مولانا عبدالرب قاسمی نے سابقہ کارروائی پڑھ کر سنائی جس کی تمام اراکینِ منتظمہ نے توثیق کی۔ اجلاس کے مہمانانِ خصوصی جمعیۃ علماء اترپردیش کے سکریٹری قاری عبدالمعید چودھری اور ریاستی مجلس منتظمہ کے رکن مفتی اظہار مکرم قاسمی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مولانا حشمت اللہ قاسمی، مولانامحمدعقیل قاسمی،مفتی محمد ناظم قاسمی، حافظ طاہر نجمی،مفتی محمد منتظر قاسمی، مولانامحمد شکیل مظاہری، مولاناشاہدثاقبی، مولانالئیق حسامی، مولاناتسلیمم مظاہری، مولانامحمدعمران قاسمی، مولانااسامہ قاسمی، مولانانجم الحسن جامعی، مفتی یاسین جامعی، مفتی محمد نعیم قاسمی،مولانا فرید، پردھان جمیل صاحب، حافظ دانش، مرتضی خاں، حافظ مہتاب خاں، حاجی شاہد حسین، قاری اکرم، قاری نصر الدین، قاری ایاز، حافظ شبیر احمد، حافظ عبد الرشید، حافظ الیاس صاحب، ڈاکٹر ہلال احمد اور ڈاکٹر زبیر سمیت جمعیۃ علماء ضلع فرخ آباد کی مجلس منتظمہ کے جملہ اراکین موجود تھے۔

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے