مدرسہ خواجہ غریب نواز قادری مسجد کبیرکالونی میں جشن تکمیل حفظ قرآن کے موقع پر سید محمد امین میاں قادری کا اظہار خیال
علی گڑھ: 28/ مارچ، ہماری آواز(امجدی) مدرسہ خواجہ غریب نواز قادری مسجد کبیرکالونی میں جشن تکمیل حفظ قرآن کا انعقاد ہوا جس کی سرپرستی تاج المشائخ حضور سید محمد امین میاں قادری برکاتی (سجادہ نشیں خانقاہ برکاتیہ مارہرہ مطہرہ) مدظلہ العالی والنورانی اور صدارت شہزادہ حضور امین ملت محبوب العلماء سید محمد امان میاں قادری (ولی عہد خانقاہ برکاتیہ مارہرہ مطہرہ) مدظلہ العالی نے فرمائی، جشنِ تکمیل قرآن پاک کا آغاز قاری بلال ازہری کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، نعت ومنقبت سید محمد فرقان علی قادری نے پیش کی.
جشن تکمیل حفظ قرآن کی سرپرستی فرماتے ہوئے تاج المشائخ سید محمد امین میاں قادری برکاتی نے کہا کہ قرآن پاک پوری انسانیت کے لیے رشدو ہدایت کا ذریعہ ہے، قرآن پاک انسانیت، بھائی چارگی، امن و محبت کا پیغام دیتا ہے، مزید تکمیل حفظ قرآن کرنے والے حفاظ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید پڑھنے اور پڑھانے والوں کا بڑا مرتبہ ہے، اس کتاب کی تاثیر ہے کہ وہ دلوں کو اپنا بنالیتی ہے، اس لیے اس سے رشتہ مضبوط کرنا چاہیے، کیونکہ دنیا جانتی ہے کہ مسلمان جب تک قرآن وسنت کے ساتھ وابستہ رہے اس وقت تک بڑے بن کر عزت و قوت اور شان و شوکت کے ساتھ رہے لیکن جب سے مسلمانوں کا رشتہ قرآن سے ختم ہوگیا یا کمزور پڑگیا، تو وہ ذلیل و رسوا ہوگئے.
خصوصی خطاب شیخ نعمان احمد ازہری (ناظم دینیات جامعہ البرکات علی گڑھ) نے قرآن کریم کی فضیلت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم وہ مقدس کتاب ہے جس کا ایک ایک حرف سچ اور حق ہے,قرآن کریم پوری دنیا کے لوگوں کے لئے ایک ضابطہ حیات ہے,قرآن کریم کا دلچسپ اور حیرت انگیز معجزہ یہ ہیکہ چھوٹا سے چھوٹا بچہ بھی اس کو اپنے سینہ میں محفوظ کرلیتا ہے، مزید کہا کہ قرآن مجید حفظ کرنے والے بچوں کا اللہ کے حضور بہت مرتبہ ہے. اللہ تعالٰی نے اپنے کلام پاک کی حفاظت کے لیے ہمارے سینوں کو قبول فرمایا یہ ہمارے لیے بڑی سعادت کی بات ہے، اللہ تعالٰی نے حفاظ کے سینوں کو قرآن پاک کی بقا کا ذریعہ بنایا ہے
دوران محفل تین بچوں کو تکمیل حفظ قرآن پر اور ان کے اساتذہ کو شہر علی گڑھ اور مختلف اطراف سے شامل ہونے والے حضرات نے تحفے اور نذرانے سے نواز اس سے قرآن پاک سے محبت اور لگاؤ کا اندازہ ہوتا ہے، محفل میں تینوں بچوں کے والد کے علاوہ ان کی والدہ کی جو پردے کے پیچھے بیٹھی ہوئی تھیں انہیں محترمہ حسینہ اکبر صاحبہ نے گل پوشی کی اور تحائف سے نوازا.
تکمیل حفظ قرآن کرنے والے تین طالب علم ہیں محمد فیضان ابن جناب محمد اشرف(شہنشاہ آباد، علی گڑھ) محمد فرقان ابن جناب محمد اسلام (نزد بلال مسجد علی گڑھ) عبدالرب ابن جناب محمد اقبال(مولانا آزاد نگر علی گڑھ).
الحمدللہ مدرسہ خواجہ غریب نواز میں حفظ کے ساتھ ساتھ نورانی تعلیم کے پانچوں حصے اور ماہر اساتذہ سے آٹھویں تک کی انگلش مع گرامر کی تعلیم دی جاتی ہے جیسا کہ محفل میں تین بچوں نے انگلش میں عمدہ تقریریں کی، یعنی مدرسہ سے حفظ مکمل کرنے کے ساتھ بچے انگلش پر بھی کافی عبور حاصل کرلیتے ہیں، پھر اس کے بعد اگر دنیاوی تعلیم حاصل کرنا چاہیں تو حاصل کرسکتے ہیں، یہاں کے اساتذہ نے لاک ڈاؤن میں بھی بچوں سے رابطہ بنائے رکھا اور فون کرکے بچوں کو درس دیتے رہے. سالانہ امتحان کے لیے جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف سے ممتحن حضرات تشریف لائے.
نظامت قاری زریق صاحب نے کی. مدرسہ خواجہ غریب نواز کی سرگرمیاں قاری اسلام برکاتی و قاری شعیب رضا برکاتی صاحبان نے پیش کی.
اس موقع پر مدرسہ خواجہ غریب نواز قادری مسجد کبیرکالونی کے ناظم اعلیٰ سید محمد امان میاں قادری، سید محمد عثمان میاں قادری، سید محمد محسن میاں قادری، جناب سید مصطفی علی قادری، پروفیسر عبدالوحید صاحب (اے ایم یو) پروفیسر شاکر صاحب، پروفیسر صغیر چشتی صاحب، ڈاکٹر احمد مجتبی صدیقی صاحب، ڈاکٹر یوسف صاحب (لائبریرین، اے ایم یو) جناب اکبر قادری، حافظ راشد، مولانا غلام مرسلین اشرفی، مولانا شمشاد اجمل برکاتی، ضیاءالرحمن امجدی اور علی گڑھ کے تمام ائمہ مساجد و اساتذۂ کرام موجود تھے علاوہ اس کے تکمیل قرآن مجید کرنے والے بچوں کے والدین اور ان کے رشتہ دار شریک ہوکر تحائف و نذرانے پیش کرتے ہوئے دعاؤں سے نوازا. مذکورہ رپورٹ ضیاءالرحمن امجدی استاذ مدرسہ اصلاح معاشرہ تعلیم آباد علی گڑھ نے بذریعہ ای میل دیا.