سخت سردی کے پیش نظر غریبوں کے مابین کمبل تقسیم کیا گیا
پورنیہ: ہماری آواز 7جنوری(پریس ریلیز) جمعیۃ علماء ضلع پورنیہ کے نائب صدر،اور اپنے کھپڑہ پنچایت بیسہ سے پنچایت سمیتی امیدوار مولانا صادق قاسمی دھرم باڑی ایام لاک ڈاؤن سے ہی مسلسل غریبوں اور ضرورت مندوں کا تعاون کر رہے ہیں۔ابھی موسم سرما میں جہاں کئی تنظیموں کی طرف سے غریبوں اور ضرورت مندوں کے درمیان گرم کپڑے،لحاف،چادر اور کمبل وغیرہ تقسیم کی جا رہی ہے۔وہیں کنکئ اور مہانندہ دو بڑی ندیوں کے بیچ واقع بیسہ بلاک کے مختلف پنچایتیں اور گاؤں ایسے بھی ہیں،جہاں کسی تنظیم یا تحریک کی طرف سے مدد کا پہنچانا بہت ہی مشکل کام ہے۔کیونکہ یہ علاقہ ہر اعتبار سے پچھڑا ہوا ہے،جبکہ سیمانچل میں مسلسل درجہ حرارت میں کمی کے سبب سردی بالکل شباب پر ہے،ایسے میں کچھ نادار،غریب،بیواہ اور ضرورت مند لوگ سخت ترین سردی سے بے حال ہیں۔ اسی کڑاکے کی سردی کو دیکھتے ہوئے مولانا صادق قاسمی دھرم باڑی سمیتی امیدوار کھپڑہ پنچایت بیسہ ضلع پورنیہ نے اپنے پنچایت کے غریبوں،ضعیفوں اور بیواؤں کے بیچ عمدہ قسم کا کمبل تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق خدا سے خدا ملتا ہے اور ضرورت مندوں کی مدد اور تعاون کرنے سے اللہ رب العزت کی رضا اور خوشنودی نصیب ہوتی ہے جو سب سے انمول دولت ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کے بزرگوں اور ذمہ داروں کی ہمیشہ سے یہ روایت رہی ہے کہ انہوں نے ہر موڑ پر ضرورت مندوں کی مدد،خدمت خلق اور رفاہی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور ضرورت مند لوگوں کو ہرممکن راحت پہنچانے کا کام کیا ہے۔مولانا نے کہا کہ سردی کے موسم میں نادار،ضرورت مند لوگوں کا خیال رکھنا خدمت خلق کا بہترین مصرف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج ملت اسلامیہ کو ضرورت ہے کہ وہ رفاہی کاموں کی طرف توجہ دے کر ضرورت مند لوگوں کو راحت پہنچانے کا کام کریں،جس کے ذریعے سے دوسرے مذاہب کے ماننے والوں اور دیگر طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کے قریب جانے کا موقع بھی ملے اور آپ ان تک اللہ تعالیٰ کے پیغامات اور اس کے پیارے نبی کی ہدایات اور دینی اخلاق اور مذہب اسلام کے محاسن کا تعارف کرا سکیں اور جو سماج میں پروپیگنڈے کے نتیجے میں تیزی سے بڑے پیمانے پر غلط فہمیاں مسلمانوں کے بارے میں پھیل گئی ہیں۔اسے دور کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی طرف سے بشارت بھی ہے کہ جو بندوں کے کام آئے گا اور ان کی ضرورت میں ان کا ساتھ دیگا، ایسے افراد، ادارے اور تنظیم کو اللہ عزوجل اپنی رحمتوں،برکتوں سے نوازے گا اور مزید وہ خیر کے کام انجام دے سکیں گے اور اللہ انہیں مزید توفیق عنایت فرمائیگا۔مولانا قاسمی نے ملت اسلامیہ کے اہل خیر اور مالدار لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آج اہل خیر حضرات اپنے ہمسایہ اور قرب و جوار کے غریبوں اور ضرورت مندوں کا بھرپور خیال رکھیں اور گرم کپڑے،لحاف اور کمبل وغیرہ سے ان کا تعاون اور امداد ضرور کریں۔