ازقلم : محمد سلیم انصاری قادری ادروی
سہارن پور مغربی اتر پردیش کا ایک مشہور و معروف ضلع ہے۔ دیوبند، گنگوہ، نانوتہ، رام پور، جھنجھانہ، رائے پور اور انبہٹہ وغیرہ جیسی تاریخی بستیاں اسی ضلع میں موجود ہیں۔ ولئ کامل شیخ علاء الدین علی احمد صابر کلیری علیہ الرحمہ (کلیر شریف) اور قطب عالم شیخ عبد القدوس گنگوہی علیہ الرحمہ (گنگوہ شریف) کے مزارات مقدسہ اسی ضلع میں موجود ہیں۔
شیخ طریقت میاں نور محمد جھنجھانوی چشتی، سید عابد حسین قادری دیوبندی، محدث کبیر علامہ احمد علی محدث سہارن پوری، شیخ العرب والعجم حاجی امداد اللہ مہاجر مکی چشتی نانوتوی تھانوی، فاتح عیسائیت مولانا رحمت الله کیرانوی عثمانی، محشئ مشکوة مولانا فیض الحسن سہارن پوری، صاحب انوار ساطعہ علامہ عبد السمیع رام پوری سہارن پوری، خلیفۂ امام احمد رضا مولانا مشتاق احمد کان پوری، سید محمد احمد قادری سہارن پوری علیہم الرحمہ جیسے اکابر علما و مشائخ اہل سنت کا تعلق اسی ضلع سے تھا۔
سید عابد حسین قادری دیوبندی علیہ الرحمہ کا قائم کردہ دارالعلوم دیوبند، علامہ احمد علی محدث سہارن پوری علیہ الرحمہ کی درس گاہ یعنی مدرسہ مظاہر علوم سہارن پور اور سید محمد احمد قادری علیہ الرحمہ کا قائم کیا ادارہ جامعہ غوثیہ رضویہ سہارن پور اسی ضلع میں موجود ہے۔ کچھ سال پہلے دعوت اسلامی نے بھی دیوبند کے قریب تیگرى نامی گاؤں میں ایک مدرسہ جامعة المدینہ فیضان ابو ہریرہ [رضی اللہ عنہ] قائم کیا ہے۔