رشحات قلم : محمد جیش خان نوری امجدی مہراج گنج
کتابوں میں جو آئی ہے فضیلت عید قرباں کی
اسے پڑھ کے میں سمجھا ہوں سعادت عید قرباں کی
مناؤ تم خوشی لیکن. کہیں تکلیف مت دینا
سکھائی سب کو آقا نے نصیحت عید قرباں کی
خدا کے نام پر کردے جو قرباں زندگی اپنی
اسی کے واسطے بس ہے مسرت عید قرباں کی
یہ ابراہیم کی سنت ہے اسی پر تم رہو قائم
خدا کے فضل سے آئی ہے ساعت عید قرباں کی
کھلاؤ تم غریبوں کو لٹاؤ تم یتیموں پر
کبھی پامال مت کرنا سخاوت عید قرباں کی
لبوں پر مسکراہٹ ہو دلوں میں چین کی سانسیں
کریں ہم اس طرح سے بھی عبادت عید قرباں کی
رسول اللہ کا ہے واسطہ الفت کرو رب سے
ہمیشہ گھر میں آئے گی سعادت عید قرباں کی
کبھی نوری کو مل جائے یہ موقع خوب اے لوگو
ادا کرنے کو طیبہ میں سعادت عید قرباں کی