تحریر : محمد ارشاد عالم مصباحی
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی پھیلائی ہوئی تباہیوں کے ساتھ ساتھ ہر خطے میں سفر و سیاحت کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اس وائرس نے تمام شعبہ ہائے زندگی کو مفلوج کر رکھا ہے۔ 2019ء کے اواخر میں چین سے اس وبائی مرض کا آغاز ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے تمام دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ 2020ء میں ہر مذہب و مسلک سے تعلق رکھنے والے انسانوں کو اپنے دینی مناسک اور فرائض ادا کرنے سے بھی بڑی حد تک محروم رکھا۔
اور آج 2021ء میں بھی وہی سنگین صورتِ حال ہے رواں سال بھی حج کے لیے کسی غیر ملکی مسلمان کو سعودی حکومت نے اجازت نہ دی۔ مسلسل دوسری مرتبہ ایسا ہوا۔
اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ حرمین شریفین امت مسلمہ کا مشترکہ دینی اثاثہ ہے۔
خانۂ کعبہ جس کی جانب رخ کرکے امت مسلمہ پانچوں وقت کی نمازیں واجبات و نوافل وغیرہ ادا کرتے ہیں۔
حج جیسا عظیم فریضہ وہیں ادا کیا جاتا ہے۔
لیکن سعودی حکمران دانستہ طور پر قفل بندی کر کے مسلمانوں کی عبادات کو تباہ و برباد اور حوصلے و جذبات کو مجروح کر رہے ہیں۔ کوڈ 19 کی آڑ میں حج وعمرہ جیسی عظیم عبادات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے نہ جانے کرونا کے سہارے کیسی کیسی ناپاک سازشیں رچی جا رہی ہیں۔
تعجب کی بات تو یہ ہے کہ جب قوم مسلم کا کوئی تہوار یا مخصوص ایام آ جاتے ہیں تو مرض میں بھی اضافہ شروع ہوجاتا ہے اور ان ایام کے گزرنے کے فوراً بعد مرض میں کمی آ جاتی ہے۔
یہ سب سازش نہیں تو کیا ہے اور ان ظالم حکمرانوں کی عیاری و مکاری تو دیکھیے اعلان بھی کرتے ہیں تو عمومی تاکہ سازشوں کا پتہ نہ چل سکے۔
خیر اللّٰہ فضل فرمائے
اس کے برعکس ان مقامات مقدسہ اور جزیرہ عرب میں فحاشی، عریانی، کھیل تماشے، چرس بازی، سنیما ہال، رقص گاہوں جیسے قبیح و مذموم افعال کو روز بروز فروغ دیا جا رہا ہے یہ سب خانۂ کعبہ (بیت اللہ) میں بے حیائی عام کرنے کی ناپاک و مذموم کوششیں ہیں۔
ان نازک و سنگین صورت حال میں امت مسلمہ کی یہی انفرادی و اجتماعی ذمہ داریاں بنتی ہیں کہ اپنی انقلابی آواز ان جابر و فاجر حکمرانوں کے خلاف بلند کریں اور دشمنان اسلام کے خلاف پوری قوت و جذبہ کے ساتھ احتجاج نکالیں تاکہ سعودیہ کے ظالم و قابض جابر و فاجر حکمرانوں کو ان غیر شرعی و انتہائی گھٹیا حرکات اور شرمناک قبیح افعال سے روکنے کی بھرپور کوشش کی جائے۔
ہم جانتے ہیں کہ ہماری آوازوں کو ان مکار و عیاش حکمرانوں تک ان کے ہمدرد میڈیا پہنچنے نہیں دے گی لیکن ہم خاموش بھی تو نہیں بیٹھ سکتے کب تک ان ظالم و جابر حکمرانوں کے ظلم وتشدد کا شکار ہوتے رہیں گے۔
اللّٰہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ خدائے وحدہ لاشریک اپنے گھر (خانۂ کعبہ)کی حفاظت کے ساتھ ان ظالم و جابر حکمرانوں کو دین کی سمجھ عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین بجاہ النبی الامین ﷺ