ہماری آواز/ نئی دہلی، 19 جنوری (پریس ریلیز) سپریم کورٹ کے ذریعہ زراعتی قوانین پر تشکیل دی گئی کمیٹی کسانوں اور کسان تنظیموں کے ساتھ بات چیت کرے گی منگل کے روز یہاں منعقد ہونے والی کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں تین ممبران شریک ہوئے، جن میں مسٹر اشوک گلاٹی، انیل گھنوت اور پرمود جوشی شامل تھے۔ کمیٹی کے ایک ممبر بھوپندر سنگھ مان نے پہلے ہی خود اس کمیٹی سے الگ کرلیا تھا۔
مسٹر گھنوت نے بعد میں صحافیوں کو بتایا کہ یہ کمیٹی زراعتی قوانین کی مخالفت اور حمایت کرنے والے کسانوں اور کسان تنظیموں سے بات کرے گی۔ کمیٹی ریاستی حکومتوں، ریاستی منڈی بورڈ، کسان تنظیموں، کوآپریٹیو اور دیگر متعلقہ فریقوں سے بھی تبادلہ خیال کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کسان تنظیموں کو جلد مذاکرات کے لئے مدعو کیا جائے گا۔ کسان پورٹل پر نجی طور پر بھی اپنی رائے کا اظہار کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ زراعتی قوانین کے نفاذ پر پابندی عائد کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے 12 جنوری کو یہ کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔