ہماری آواز/کلکتہ 19جنوری(پریس ریلیز)وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج بی جے پی کو مائونوازوں سے زیادہ خطرناک اورسماج اور معاشرہ کےلئے زہریلا سانپ قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی بی جے پی کو مسترد کردیں پرولیا میں عوامی جلسے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی مائونوازوں سے زیادہ خطرناک ہے اور زہریلا سانپ ہے جو اپنے کو ختم کرنےسے قبل راستے میں آنے سے قبل تمام چیزوں کو نقصان پہنچائے گا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ پرولیا ریاست کے ان ضلع میں سے ایک ہے جہاں بنگالی زبان کی تحریک شروع ہوئی تھی ۔انہوں نے کہا کہ پرولیا کے عوام کبھی بھی بیرونی طاقتوں کو قبول نہیں کریں گے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی بنگالی تہذیب و تمدن اور کلچر کوختم کردینے کے فراق میں ہے۔
خیال رہے کہ ایک دن قبل ہی ممتا بنرجی نے نندی گرام سے اسمبلی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا ہے۔یہاں سے ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والی شوبھندو ادھیکاری ممبر اسمبلی تھے۔جنہوں نے بی جے پی میں شامل ہونے سے قبل استعفیٰ دیدیا تھا۔ممتا بنرجی نے بی جے پی کی تنقید کرتےہوئے کہا کہ اسٹیج پر آکر دیکھ لیں کہ ہمارے جلسوں میں عوام آتے ہیں یا نہیں ۔
بی جے پی لیڈر تتاگت رائے کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ایک نوجوان اداکارہ سیوونی گھوش کو زبان بند کرنے کی دھمکی دی ہے ۔بی جے پی دہلی اور یوپی میں یہی کام کرتی ہے۔لیکن یہ بنگال ہے اگر وہ بنگال میں ہماری ثقافتی شخصیات کو دھمکی دینے کی کوشش کریں گے تو ہم ان پر منہ پر تالا لگادیں گے اور ان کے ہونٹ کو سی دیں گے ۔
تتاگت رائے نے گھوش کے خلاف ایک میم پر ایک مقدمہ درج کرایا ہے جس پر انہوں نے ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مبینہ طور پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔
ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والوں کی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جولوگ بی جے پی کے جہاز میں کود رہے ہیں وہ اچھا کام کیا ہے کیوں کہ ان کی وجہ سے پارٹی میں پریشانی بڑھ گئی تھی ۔ان لوگوں کے جانے سے ہم نے راحت محسوس کی ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ لوگ آپ کے پاس آئیں گے اور ووٹ کے عوض روپے کی لالچ دیں گے آپ ان سے روپے لے لیں مگر وو ٹ نہ دیں ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ آپ اپنا لباس کثرت سے تبدیل کرسکتے ہیں ، لیکن آپ اپنے کردار ، نظریہ کو تبدیل نہیں کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں کچھ دنوں سے یہ دیکھ رہی ہوں کہ بی جے پی پریشان کن صورتحال پیدا کرنے کے لئے اپنے جلسہ عام میں اپنے کارکنوں کو بھیج رہی ہے۔ اب میں کچھ لوگوں کو بی جے پی ، سی پی ایم میٹنگوں کو پریشان کرنے کے لئے بھیجوں گی۔
بی جے پی کے حق میں رائے شماری تبدیل کرنے کے لئے میڈیا پر دباؤ ڈالنے کا الزام لگاتے ہوئے ، ممتا نے کہا کہ بی جے پی قائدین میڈیا ہاؤسز کے مالک کو دھمکی دے رہے ہیں کہ وہ ان کے حق میں رائے شماری کریں۔ حال ہی میں ایک علاقائی چینل نے سروے کیا تھا جس میں یہ تھا کہ ترنمول کانگریس حکومت سازی کےلئے جادوئی 148کا عدد حاصل کررہی ہے ۔مگر اس چینل پر بی جے پی نے دبائو بنایا اور اس نے نہیں دکھایا ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ اس طرح کے حربے سے بی جے پی ہمیںا ور ترنمول کانگریس کو کامیابی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی ہے ۔
اس درمیان مشرقی مدنی پور کے کجھوری میں اس وقت حالات خراب ہوگئے جب ترنمول کانگریس اوربی جے پی کے حامیوں کے جلوس آمنے سامنے ہوگئے۔پولس کو موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کرنا پڑا۔