جاری کردہ : منتظمین دارالعلوم انوارِ رضا، نوساری (گجرات)
الحمد للہ! آج 6 اگست 2021ء بروز جمعہ بوقت شام صحنِ علم دارالعلوم انوارِ رضا، نوساری ، گجرات میں "معارفِ اشرف الفقہاء” کا اجرا عمل میں آیا۔ یہ خزینۂ حیاتِ اشرف الفقہاء عقیدتوں کا حسین گل دستہ بھی ہے اور محبتوں کا خوب صورت گلشن بھی۔ جسے عزیز العلماء مولانا غلام مصطفیٰ برکاتی صاحب کی تحریک پر مولانا سرفراز احمد ازہری نے سجایا ہے۔
چودہ ابواب پر مشتمل "معارفِ اشرف الفقہاء” خلیفۂ حضور مفتی اعظم مفتیِ اعظم مہاراشٹر مفتی محمد مجیب اشرف رضوی نور اللہ مرقدہٗ کی حیات و خدمات کی مختلف جہتوں کا احاطہ کرتا ہے۔ ملک و بیرونِ ملک کے اصحابِ علم و قلم کی نگارشات سے آراستہ و مزین یہ معارف 512 صفحات پر محیط، دیدہ زیب سرورق، عمدہ طباعت اور بہترین کاغذ سے سجا سنورا منصۂ شہود پر آیا۔
"معارفِ اشرف الفقہاء” کا رسم اجرا ایک تاریخی لمحے میں ساداتِ کرام کے مقدس ہاتھوں سے ہوا۔ دارالعلوم انوارِ رضا، نوساری ، گجرات ٹرسٹ کے تحت "رائل انگلش میڈیم اسکول” وسیع و عریض جدید عمارت کے جشنِ افتتاح کے پُرمسرت موقع پر علما و مشائخ اور عمائدین اہل سنت کے ہاتھوں معارفِ اشرف الفقہاء کی رونمائی عمل میں آئی۔ اس یادگار مجلس میں عوام و خواص کا جم غفیر موجود تھا۔
"معارفِ اشرف الفقہاء” کی تیاری میں جناب ڈاکٹر محمد حسین مشاہد رضوی اور جناب غلام مصطفیٰ رضوی (نوری مشن) مالیگاﺅں نے معاونت کی۔ یہ حضور اشرف الفقہاء کا فیض ہے کہ نہایت قلیل مدت میں تحریر سے اشاعت تک کا مرحلۂ شوق طے کیا گیا۔ ان شآءاللہ عزوجل جلد ہی اہلِ علم و قلم کی بزمِ مطالعہ میں "معارفِ اشرف الفقہاء” آراستہ کیا جائے گا۔ اس زرین موقع پر حضرت پیر سید ہاشمی باپو عرف پیر باپو، مشتاق علی باوا، شہزادۂ اشرف الفقہاء حافظ تحسین اشرف، جانشینِ اشرف الفقہاء مولانا توقیر اشرف، مفتی اشرف رضا رتن پوری، مولانا قلندر رضوی، مولانا وقار احمد عزیزی، مولانا صفی اختر امجدی، مولانا فیض احمد مصباحی، مولانا ڈاکٹر سید شمس تبریز حسینی اور جمیع اساتذۂ دارالعلوم انوارِ رضا نوساری موجود تھے۔