ازقلم : سید اولاد رسول قدسی مصباحی
جمالِ ولایت ہیں معروف کرخی
کمالِ طریقت ہیں معروف کرخی
ہوئے بچپنے ہی سے ملت پہ قرباں
مہِ چرخِ قسمت ہیں معروف کرخی
ہوئے ان سے پل بھر میں اوباش تائب
یوں نورِ ہدایت ہیں معروف کرخی
صلیبی معلِّم نے مانا بالآخر
کہ ایمانی قوت ہیں معروف کرخی
ہے یہ اُخلصِی نفس پر حکم شاہد
ضیا بخش سیرت ہیں معروف کرخی
ہوئے خرقِ عادات خوب ان سے ظاہر
کرامت کی شہرت ہیں معروف کرخی
رہے ان پہ نازاں سری سقطی تازیست
سبیلِ حقیقت ہیں معروف کرخی
درخشاں ہے فرمانِ داؤد طائی
نثارِ شریعت ہیں معروف کرخی
کیا بو حنیفہ سے بھی علم حاصل
کتابِ لیاقت ہیں معروف کرخی
دل ان کا ہے گنجینہ خوفِ خدا کا
بہشتی ضمانت ہیں معروف کرخی
رہے قدسی وہ تارک الدنیا بے مثل
فلک بوس رفعت ہیں معروف کرخی