نتیجۂ فکر: نیاز جے راج پوری علیگ
جشنِ آزادی منائیں آؤ مِل جُل کر سبھی
ایکتا کے گیت گائیں آؤ مِل جُل کر سبھی
دوستی ، اخلاص و اُلفت کی فضا ہموار ہو
نام نفرت کا مِٹائیں آؤ مِل جُل کر سبھی
رنگ جِس میں قومی یکجہتی کے ہی آئیں نظر
ایسی رنگولی سجائیں آؤ مِل جُل کر سبھی
چھاؤں میں پیارے تِرنگے کی ترقّی کی طرف
آگے آگے بڑھتے جائیں آؤ مِل جُل کر سبھی
جو شہید اِس دیش کی آزادی کی خاطِر ہُوئے
یاد اُن کو کرتے جائیں آؤ مِل جُل کر سبھی
نام پر مذہب دھرم کے بانٹتے ہیں جو ہمیں
نام اُن سب کا مِٹائیں آؤ مِل جُل کر سبھی
آپ سب سے اِلتجا پھر آج کرتا ہے نیازؔؔ
اپنوں کو اپنا بنائیں آؤ مِل جُل کر سبھی