ازقلم: سید صابر حسین شاہ بخاری
بسم اللہ الرحمن الرحیم
نحمدہ ونصلی ونسلم علی رسولہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ اجمعین۔
کل سے اس روح فرسا خبر نے بندہ کو نہایت مغموم کیا ہوا ہے کہ اولیاء و صوفیاء کی سرزمین بلگرام میں عظیم علمی و روحانی شخصیت حضرت قبلہ میر سید عبدالواحد بلگرامی رحمۃ اللہ علیہ کے نبیرہ شیخ طریقت عالم شریعت علامہ حافظ سید طاہر میاں قادری بلگرامی رحمۃ اللہ علیہ بھی کل نفس ذائقۃ الموت کے تحت اس دارفانی کو چھوڑ کر عالم جاویدانی کو سدھار گئے ہیں۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔
گزشتہ چند سالوں سے علماء ومشائخ کے سفر آخرت میں نہایت ہی تیزی دیکھنے میں آئی ہے، آہ! ع۔ جو بادہ کش تھے پرانے وہ اٹھتے جاتے ہیں۔۔ علم و عرفاں کی روحانی اور وجدانی محفلین سونی ہوتی جارہی ہیں۔ افسوس تو یہ ہے کہ ان جانے والی عظیم المرتبت شخصیات کا نعم البدل تو درکنار بدل بھی نہیں مل رہا۔
ہم اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں فریاد رس ہیں:اے خاصہَ خاصان رسل اب وقت دعا ہے::امت پہ تیری عجب وقت پڑا ہے۔۔۔۔۔ شیخ طریقت علامہ مولانا حافظ سید طاہر میاں قادری بلگرامی رحمۃ اللہ علیہ سرزمین بلگرام میں گلستان سادات کے ایک مہکتے ہوئے پھول تھے۔ ہر خاص و عام میں مقبول تھے۔ اپنوں کے لئے ابر ریشم اور گستاخوں کے لئے سیف المسلول تھے۔ اکابر کے احترام اور اصاغر نوازی میں اپنی مثال آپ تھے۔اخلاق حسنہ میں ایسے کہ آپ کو دیکھ کرقرون اولیٰ کی یاد تازہ ہو جاتی تھی۔ آپ نے 8/محرم الحرام 1443ھ/17/ اگست 2021ء بروز منگل کو دوپہر تین بجے رخت سفر باندھا اور عالم جاوداں کو روانہ ہوگئے۔ آپ کی وفات حسرت آیات سے ہم سب پریشان اور افسردہ ہیں لیکن مرضی مولی از ہمہ کے سامنے ہم بے بس ہیں اور اس کی رضا پر راضی ہیں۔ اللہ تعالیٰ اپنے محبوب حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل آپ کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور آپ کے پسماندگان میں بالخصوص شہزادگان صاحب زادہ سید سہیل میاں اور صاحب زادہ سید رضوان میاں اور جملہ شہزادگان کو صبر جمیل اور صبر جمیل پر اجر جزیل عطا فرمائے آمین ثم آمین بجاہ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وازواجہ وذریتہ واولیاء امتہ وعلما ملتہ اجمعین۔
شریک غم اور پر نم: گدائے کوئے مدینہ شریف، احقر سید صابر حسین شاہ بخاری قادری غفرلہ”خلیفۂ مجاز بریلی شریف، سرپرست اعلیٰ ماہ نامہ مجلہ الخاتم انٹر نیشنل، سرپرست اعلیٰ”ہماری آواز” مدیر اعلیٰ الحقیقہ، ادارہ فروغ افکار رضا و ختم نبوت اکیڈمی برھان شریف ضلع اٹک پنجاب پاکستان پوسٹ کوڈ نمبر 43710(9/محرم الحرام 1443ھ/18/اگست 2021ءبروز بدھ بوقت 6:07عصر)