ازقلم : محمد شوقین نواز شوق فریدی
میرا ایماں میری جاں ہیں پنجتن
میرے سینے میں نہاں ہیں پنجتن
قافلہ وہ قافلہ مومن کا ہے
جس کے میر کارواں ہیں پنجتن
رونقیں آخر نہ ہوں کیوں بزم میں
بزم کے روح رواں ہیں پنجتن
جن سے ہیں روشن زمین و آسماں
وہ چمکتی کہکشاں ہیں پنجتن
اس میں کوئی شک نہیں رب کی قسم
"مالک باغ جناں ہیں پنجتن”
حضرت حسنین و حیدر فاطمہ
اور شہ کون و مکاں ہیں پنجتن
ان سے ہیں دنیا کی ساری رونقیں
بالیقیں روح جہاں ہیں پنجتن
شوق چل ان کو سنا روداد غم
غمگسار و مہرباں ہیں پنجتن