حضور غوث اعظم منقبت

منقبت حضور غوث اعظم بر زمین رضآ بریلوی

ازقلم: محمد اشرفؔ رضا قادری
مدیر اعلی سہ ماہی امین شریعت

رب کا عابد بھی ہے، ذاکر بھی ہے عبد القادر
اور صابر بھی ہے، شاکر بھی ہے عبد القادر

وہ محدّث، وہ مفسّر، وہ مجدّد دیں کا
عالمِ باطن و ظاہر بھی ہے عبد القادر

واقفِ سرِّ جلی، واقفِ اسرارِ خفی
عالمِ باطن و ظاہر بھی ہے عبد القادر

پیکرِ صدق و صفا، حاملِ افکارِ عُلیٰ
پیکرِ جود بھی، صابر بھی ہے عبد القادر

مفتیِ شرعِ متیں، قاضیِ دینِ برحق
علم الافلاک کا ماہر بھی ہے عبد القادر

اس کی ہیبت سے لرزتے ہیں زمانے والے
بندہ قاہر کا بھی قاہر بھی ہے عبد القادر

دینِ اسلام کا بے لوث مبلغ، واعظ
دین کا حامی و ناصر بھی ہے عبد القادر

زندگی وقف تھی ترویجِ شریعت کے لیے
دین کے قصر کا عامر بھی ہے عبد القادر

اہلِ باطل کے لیے موت کا پیغام بھی وہ
کاسرِ شوکتِ فاجر بھی ہے عبد القادر

ربِّ اکبر نے اسے بخشی ہے قدرت اشرفؔ
’’کارِ عالم کا مدبّر بھی ہے عبد القادر‘‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے