علما و مشائخ

قرآن پاک کی دو دو تفاسیر لکھنے والے سنی مفسرین اور مفسرہ

سواد اعظم اہل سنت وجماعت کو ایک یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ برصغیر میں قرآن پاک کی دو دو تفاسیر لکھنے والے سب سے زیادہ مفسرین اور مفسرہ اسی جماعت سے تعلق رکھتی ہیں۔ نیچے نصف درجن سے زائد ایسے مفسرین اور مفسرہ کے نام اور ان کی تفاسیر کے نام پیش کیے جا رہے ہیں، جنہوں نے دو یا دو سے زائد تفاسیر لکھیں:

مفتی احمد یار خان نعیمی بدایونی علیہ الرحمہ: آپ نے علامہ سید نعیم الدین مرادآبادی علیہ الرحمہ کے تفسیری حاشیہ "خزائن العرفان” کی طرح امام احمد رضا محدث بریلوی علیہ الرحمہ کے ترجمۂ قرآن "کنزالایمان” پر تفسیری حاشیہ "نور العرفان” لکھا۔ جب کہ "تفسیر نعیمی” کے نام سے قرآن پاک کی مفصل تفسیر لکھی۔ یہ نامکمل تفسیر ١٩ جلدوں میں شائع ہوتی ہے، جو آپ اور آپ کے فرزند مفتی اقتدار احمد خان نعیمی علیہ الرحمہ کی مشترکہ کاوش ہے۔

علامہ فیض احمد اویسی محدث بہاول پوری علیہ الرحمہ: آپ نے دس جلدوں پر مشتمل عربی زبان میں قرآن پاک کی تفسیر "فضل المنان فی تفسیر آیات القرآن” تصنیف فرمائی۔ علاوہ ازیں آپ نے اردو زبان میں بھی ١۵ جلدوں میں "تفسیر اویسی” کے نام سے ایک تفسیر لکھی ہے۔ دس جلدوں میں "فیض الرسول فی اسباب النزول” اور ٣ حصوں پر مشتمل "تفسیر بالرائے” بھی آپ ہی کی لکھیں تفاسیر ہیں۔ نیز "فیض القرآن فی ترجمة القرآن” کے نام سے آپ نے قرآن شریف کا اردو زبان میں ترجمہ کیا اور "تفسیر روح البیان” کا "فیوض الرحمن” کے نام سے پندرہ جلدوں میں اردو زبان میں ترجمہ بھی کیا۔

علامہ غلام رسول سعیدی علیہ الرحمہ: آپ نے ١٢ جلدوں میں قرآن پاک کی تفسیر "تبیان القرآن” لکھی۔ تبیان القرآن کی تكمیل کے بعد منحرفین، ملحدین اور منکرین حدیث وغیرہ کے نظریات کے حاملین کا رد کرنے کے لیے آپ نے "تفسیر تبیان الفرقان” تصنیف فرمائی۔ اس کی چار جلدیں آپ کی زندگی ہی میں شائع ہو چکی تھیں، جب کہ پانچویں جلد زیر تصنیف تھی۔

مفتی ریاض الدین قادری چشتی سہروردی نقش بندی علیہ الرحمہ: آپ نے قرآن پاک کی ایک مفصل تفسیر "تفسیر ریاض القرآن” اور ایک مختصر تفسیر "تفسیر ریاض العرفان” تصنیف فرمائی۔

سیدہ رقيه محمود کاظمیہ قادریہ علیہا الرحمہ: آپ نے قرآن پاک کی تفسیر "تفسیر رقیہ” تصنیف فرمائی۔ آپ کے متعلق راقم نے پڑھا ہے کہ آپ نے قرآن پاک کی چار تفسیریں لکھیں۔ غالبا "تفسیر قرآن فی تشعیر العرفان” تفسیر رقیہ ہی کا عرفی نام ہے یا پھر آپ ہی کی لکھی ہوئی کوئی دوسری یا منظوم تفسیر ہے۔

مولانا محمد عبید اللہ النھرکاریزی حفظہ اللہ: آپ نے علوم قرآن وتفسیر کے باب میں نصف درجن سے زائد کتب تصنیف فرمائیں۔ جن کے نام یہ ہیں: نقیب التفاسیر (١۴ جلدیں، مطبوعہ)، تفسیر الاعظمین (۴ جلدیں، مطبوعہ)، تفسیر نقیبی (٢ جلدیں)، تفسیر سورۃ الفاتحہ، نور التفاسیر، نور الایمان من ضیاء القرآن، السند العظیم للقرآن الکریم، احکام الرحمن۔

مفتی ضیاء احمد قادری نقش بندی حفظہ اللہ: آپ نے "تفسیر ناموس رسالت” کے نام سے ۵ جلدوں میں اور "تفسیر ناموس صحابہ” کے نام سے ۴ جلدوں میں قرآن پاک کی تفسیر تصنیف فرمائی ہے۔

از: محمد سلیم انصاری ادروی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے