مذہبی مضامین نبی کریمﷺ

محفلِ میلاالنبیﷺ منہیاتِ شرعیہ سے پاک ہونی چاہیے

از قلم: ابوحامد محمد شریف الحق رضوی ارشدی مدنی کٹیہاری امام وخطیب نوری رضوی جامع مسجد وخادم دارالعلوم نوریہ رضویہ رسول گنج عرف کوئلی ضلع سیتامڑھی بہار الھند

تیز کیجئے سینۂ نجدی کی آگ
ذکر آیاتِ ولادت کیجئے
اللہ تعالیٰ عزوجل کے فضل وکرم سے ہم اہلسنت وجماعت جملہ منہیاتِ شرعیہ کو برا کہتے ہیں چاہئیے کہ بانی محفل، مخلص، خوش عقیدت اور محبت والا ہو، مال میں احتیاط کرے، اپنی محنت کی تنخواہ یا تجارت کا کمایا ہوا یا ہبہ ومیراث وغیرہ کا صحیح شرعی طریقہ سے پہنچا ہوا مال کھانا وشیرینی اور عطر وغیرہ میں صَرف کرے، آرائش کے سامان، فرش وبرتن وغیرہ میں خلافِ شریعت کوئی کام نہ ہو ـ ایسی معتبر روایتیں ہوں جن کو ثقات محدثین نے ــــ باب المعجزات ــــ میں قبول کیا ہو ـ اشعار وہ ہوں جن کے پڑھنے پر مفتیانِ دین نے فتویٰ دیا ہو؛ پھر ان امور کے بعد شانِ رسالت ــ علیہ السلام ــ کی تسلیم وآداب مدنظر ہو، سامعین حاضرین مجلس کی زبان پر دم بدم درودوسلام کی کثرت ہو، فضائل، معجزات اور قصائد، ذوق وشوق ومحبت سے پڑھیں پڑھوائیں اور سنیں اور سنوائیں ــ
الحاصل! جس قدر مجلس کی صفائی میں امورِ منہیہ سے بچنے میں جدوجہد کریں گے اتنی ہی حق تعالیٰ کی رضامندی اور روحِ محمدی ــ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم ـــ کی توجہ اپنی طرف پائیں گے اگر محفل مقبول ہوگئی، اور ادنیٰ درجہ یہ ہے کہ وہ شخص اپنے مقصد ومراد کو پہنچے ـ اور اعلیٰ درجہ یہ ہے کہ ایک ایک قسم کے خاص جلوۂ روحِ محمدی ــ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم ـــ سے مشرف ہو ــ اور یہ کچھ اسی محفل کے ساتھ خاص نہیں بلکہ ہرعمل کا پھل اسی وقت ملےگا جب اس کی شرطیں بجا لائےگا ــ
دیکھیں کہ نماز کے سلسلے میں حدیث وارد ہے
ان العبد اذا قام الى الصلوة رفع الله تعالى الحجاب بينه وبينه واوجهه بوجهه الكريم ـ
یعنی : جب ایک بندہ نماز کے لئے کھڑا ہوتا ہے تو اللہ تعالیٰ اپنے اور اس کے درمیان سے پردے اٹھا دیتا ہے اور اپنا روےکریم اس کے سامنے کردیتا ہے ـ
دوسری حدیث میں ہے کہ جب مسلمان وضو کرتا ہے تو شیطان اس سے دور ہوجاتا ہے اور زمین کے کناروں تک بھاگ جاتا ہے اس ڈر سے کہ یہ بندہ اپنے بادشاہ کے پاس جانے کا ارادہ کرتا ہے جب وضو کرکے اللہ اکبر کہتا ہے تو ابلیس چھپ جاتا ہے اور اللہ جل شانہ اس بندے کے سامنے ہوجاتا ہے ــ
ایک اور حدیث میں آیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت یوں کرو گویا تم خدا کو دیکھ رہے ہو ــ
خلاصہ یہ کہ یہی نماز ہم غافل لوگ بھی پڑھتے ہیں اور ایک اولیاء اللہ کی نماز ہوتی ہے کہ ان کو نماز میں مشاہدۂ ربانی حاصل ہوجاتاہے اور ان کی نمازوں میں مقامات طے ہوتے ہیں؛ تو اسی طرح محافلِ میلاد کی مقبولیت کے بھی درجات ہیں ــ
نہ انجیر شد نام ہر میوہ
نہ مثلِ زبیدہ ست ہر بیوہ
الحاصل : مقبول تر آدمی وہ ہے جو زیادہ اخلاص ومحبت سے محفل میلاد کرے ــ
( ماخوذ از انوار ساطعہ در بیانِ مولود وفاتحہ )
اللہ تعالیٰ عزوجل !ہم اہلسنت وجماعت کو ہر عملِ صالح اخلاص ومحبت سے کرنے کی توفیق عطا فرمائے ــ

آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے