مذہبی مضامین

قیامت کے دن اعضاء گواہی دیں گے

از: محمد نعمت اللہ مصباحی
Email : nematullahmisbahi@gmail.com
Ph: 9764362866


قیامت کا دن انتہائی سخت ہوگا، اس دن ہر ایک سے پوچھ گچھ ہوگی، سختی کا عالم یہ ہوگا کہ مجرمین کے مونہوں پر مہر لگا دیا جائےگا، اور اعضاء سے ان کے گناہوں پر گواہی لی جائے گی۔
چنانچہ اللہ رب العزت قرآن مجید، فرقان حمید میں فرماتا ہے :”اَلْیَوْمَ نَخْتِمُ عَلٰۤى اَفْوَاهِهِمْ وَ تُكَلِّمُنَاۤ اَیْدِیْهِمْ وَ تَشْهَدُ اَرْجُلُهُمْ بِمَا كَانُوْا یَكْسِبُوْنَ” (سورۃ یٰس،پ23،آیت65،ع2)
ترجمہ کنزالعرفان :”آج ہم ان کے مونہوں پر مہر لگادیں گے اور ان کے ہاتھ ہم سے کلام کریں گے اور ان کے پاؤں ان کے اعمال کی گواہی دیں گے”۔
اس آیتِ کریمہ کے تحت "تفسیر روح البیان” میں حضرت علامہ شیخ اسماعیل حقی رحمۃ اللہ تعالی علیہ ایک نکتہ بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں : "منہ پر مہر لگا کر اعضاء سے گواہی لینے میں اشارہ ہے کہ جو انسان کے گناہ میں معین و مددگار تھے اب وہ بھی دشمن ہوکر اس کے خلاف گواہی دے رہے ہیں تاکہ اسے معلوم ہوکہ سوائے ذاتِ خدا کے کوئی بھی حامی و یار نہیں۔
انسان پر لازم ہے کہ ماسوی اللہ کی طرف متوجہ نہ ہو اور سوائے ذات خدا کے کسی کو اپنا دوست نہ بنائے تاکہ قیامت میں رسوائی نہ ہو”۔ (تفسیر روح البیان مترجم،ج12،پ23 ،ص103،مط: رضوی کتاب گھر دہلی)

   سب سے پہلے کون سا عضو گواہی دےگا

اس کے تعلق سے متعدد روایات ہیں، بعض روایتوں کے مطابق سب سے پہلے زبان کو جبکہ بعض روایتوں کے مطابق سب سے پہلے بائیں ران کو قوت گویائی حاصل ہوگی ۔
چنانچہ "تفسیرِ نعیمی” میں ایک حدیث شریف کے حوالے سے منقول ہے کہ سب سے پہلے زبان کو زبان ملے گی پھر داہنی ران پھر ہتھیلی بولیں گی۔(تفسیر نعیمی، ج18،پ18 ۔)
جبکہ "تفسیرِ طبری” میں ایک حدیث شریف کچھ یوں منقول ہے : عن عقبة بن عامر، أنه سمع النبي صَلَّى الله عَلَيْهِ وَسَلَّم يقول: ” أوَّلُ شَيْءٍ يَتَكَلَّمُ مِنَ الإنْسانِ، يَوْمَ يَخْتِمُ اللهُ على الأفْوَاهِ، فَخِذُهُ مِنْ رِجْلِهِ اليُسْرَى "
حضور سرور عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا کہ انسانی اعضاء میں سے سب سے پہلے بائیں ران بولےگی جب انسان کے منہ پر مہر لگا دی جائے گی۔
(تفسیر طبری، ج19 ،ص 474)

            اعضاء کا نیکیوں کے متعلق گواہی دینا

قیامت کے دن جس طرح نافرمانوں کے اعضاء ان کے گناہوں پر گواہی دیں گے اسی طرح فرماں برداروں اور عبادت گذاروں کے اعضاء بھی ان کی نیکیوں پر گواہی پیش کریں گے۔
چنانچہ حدیث شریف میں ہے : حضرت یسیرہ رضی اللہ تعالی عنہا بیان کرتی ہیں کہ ہم سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ تم تسبیح و تہلیل اور تقدیس کو لازم کرلو اور (انگلیوں کے) پوروں سے ان کا شمار کیا کرو کیونکہ ان سے سوال کیا جائے گا اور ان سے کلام طلب کیا جائے گا اور تم (ان کو پڑھنے سے) غافل نہ ہونا اور اللہ کی رحمت کو بھول نہ جانا (سنن الترمذی رقم الحدیث ٣٨٥٣)
مشہور مفسر قرآن ، حکیم الامت حضرت علامہ مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں :” نمازی کے چہرے کی بشاشت، حسن، وجاہت، ظاہر کی رونق، باطن کی خوشیاں، یہ بھی زبان حال کی گواہیاں ہیں۔ ہر اچھے برے کام کی گواہی آنکھوں سے مل جاتی ہے۔ اسی طرح بروزِ قیامتِ کُبریٰ زبانوں سے تلاوت کی، جسموں سے عبادت کی، ہاتھوں سے اعمال نامے کی اور دنیا میں کتبِ آیات و روایات پکڑنے، کھولنے کی، پاؤں سے سجدہ وکعبہ محراب انوار، روضہ سرکار کی طرف چلنے کی گواہی ملتی ہے، یادِ نبی اور عشقِ الٰہی کہ گواہی عاشقِ صادق کے آنسوں سے ملتی ہے۔ لغزش گناہ سے توبہ کی گواہی، ندامت کے قطروں سے ملتی ہے۔ اچھے برے کانوں کی گواہی ان کی اچھی بری سماعت سے ملتی ہے۔ ذکر و وظائف، آیات کی تلاوت یہ اچھے کانوں کی گواہی ہے ۔ ( تفسیرِ نعیمی، ج18،پ 18 ۔ص 506)
ماحصل یہ کہ قیامت کے دن ہمارے اعضاء، نیکیوں اور گناہوں پر گواہی دیں گے، لھٰذا ہمیں ان کو طاعات وعبادات پر لگائے رکھنا چاہئے تاکہ بروز قیامت ہمارے نیک اعمال پر گواہی پیش کریں۔

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے