ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ کیلئے اعلیٰ حضرت کی خدمات مشعل راہ: مولانا نورالحسن مصباحی
*اعلیٰ حضرت نے تحقیقاتِ علمیہ سے اکابرِ اسلام کی یاد تازہ کر دی: غلام مصطفیٰ رضوی)
مالیگاؤں: محبت رسولﷺ کا معیار ہیں اعلیٰ حضرت امام احمد رضا- آپ کی خدمات کا اہم پہلو ناموسِ رسالت پر پہرا دینا ہے- آپ نے عظمت محبوبﷺ کے ہمہ جہت پہلوؤں پر کتاب و سنت کی روشنی میں مدلل لکھا- اس طرح کا اظہارِ خیال نوری مشن/اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر کے تحت مسجد مُعینیہ میں منعقدہ عرسِ اعلیٰ حضرت میں حضرت مولانا نورالحسن مصباحی صاحب نے فرمایا- یکم اکتوبر جمعہ کی شب منعقدہ اس نشست میں آپ نے مثالوں اور دلیلوں کے ذریعے ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ کے لیے اعلیٰ حضرت امام احمد رضا کی خدمات کو اجاگر کیا اور تعلیمات کو مشعلِ راہ قرار دیا- محفل کا آغاز حافظ شاہد رضا کی تلاوت سے ہوا- ہاشم رضا نے نغماتِ رضا کی خوشبو بکھیر دی- تمہیدی کلمات میں غلام مصطفیٰ رضوی نے کہا کہ اعلیٰ حضرت کی کتاب "نَفْیُ الفَییٔ عَمَّنْ استَنَار بِنُورِہِ کُلُّ شَییٔ‘‘ کو نوری مشن نے بنام”نور کا سایہ نہیں” شائع کیا- اس کی تقسیم بھی آج ہو رہی ہے- اعلیٰ حضرت کی ذات جامعات میں محورِ تحقیق بن چکی ہے- محفل کا اختتام سلام اور دعا پر ہوا- اس موقع پر قاری محمد سعید برکاتی، حافظ عبدالوکیل، حافظ محمد اعجاز، عبدالقادر سیٹھ، عبدالمجید سیٹھ، عابد سیٹھ، ڈاکٹر جاوید چشتی، حاجی شیخ محمود سمیت علاقے کی متعدد شخصیات موجود تھیں- محفل سجانے میں نوری مشن کے اراکین میں فرید رضوی، شہزاد برکاتی، آصف رضوی، یاسین رضا، شاداب رضوی،امین رضا، سعد رضوی نیز متوسلینِ مسجد مُعینیہ نے اہم رول ادا کیا-
اسی دن نمازِ جمعہ سے قبل مدینہ مسجد میں خطاب کرتے ہوئے غلام مصطفیٰ رضوی نے کہا کہ اعلیٰ حضرت کا علمی اثاثہ ادب و تکریم مصطفیٰ ﷺ سے مرصع ہے- آپ کی کتابیں "الدولۃ المکیہ” اور "الامن والعلیٰ” تعظیم و توقیر کا درس دیتی ہیں- انگریز کی سازشوں کے مقابل اعلیٰ حضرت کی تعلیمات مشعلِ راہ اور مسلکِ سلفِ صالحین کی ترجمان ہیں- اعلیٰ حضرت نے تحقیقاتِ علمیہ سے اکابرِ اسلام کی یاد تازہ کر دی- ہر دو محافل میں کثیر تعداد میں عامۃ المسلمین نے شرکت کی-
رپورٹ: فرید رضوی، نوری مشن/اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر مالیگاؤں