از: سید اولاد رسول قدسی مصباحی
نیویارک امریکہ
ہم شبیہِ نبی امامِ حسن
نورِ چشمِ علی ہیں امامِ حسن
سیدہ فاطمہ کی تمناؤں کی
رشکِ گلشن کلی ہیں امامِ حسن
کم سنی میں ہوئی ان سے مروی حدیث
شمعِ علمِ نبی ہیں امامِ حسن
؛ھذا ابنی؛کہا مصطفی نے انہیں
اہلِ بختِ جلی ہیں امامِ حسن
صلح کروائی مسلم گروہوں کے بیچ
صدقِ قولِ نبی ہیں امامِ حسن
؛نعم راکب؛کہا ان کو سرکار نے
یوں صفی ونجی ہیں امامِ حسن
کوئی سائل نہ لوٹا درِ پاک سے
ایسے اعلی سخی ہیں امامِ حسن
ان کا ترکِ خلافت ہے روشن دلیل
قوم کی زندگی ہیں امامِ حسن
کثرتیں کہہ رہی ہیں عبادات کی
نازشِ بندگی ہیں امامِ حسن
ان کی الفت ہے قدسیؔ مداوائے غم
باعثِ ہر خوشی ہیں امامِ حسن