ربیع الاول مذہبی مضامین نبی کریمﷺ

ماہ ربیع الاول اور جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم


از قلم: محمد افتخار حسین رضوی ٹھاکر گنج کشن گنج بہار
9546756137

رحمتوں،برکتوں اور نبوی فیضان سے معطر و مشکبار کائنات کی سب سے بہترین اور افضل ترین تخلیق محبوب رب العالمین رحمۃ اللعٰلمین سے نسبت رکھنے والا مقدس مہینہ ربیع الاول شریف مکمل آن بان اور شان کے ساتھ عاشقان رسول کے دلوں کو عشق و محبت ،عقیدت و الفت، ادب واحترام، اور تعظیم و تکریم سے سرشار کرتے ہوئے گزر رہا ہے، دنیا کے کونے کونے اور گوشے گوشے میں ذکر مصطفیٰ اور عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک ،متبرک ،دلکش، پاکیزہ اور ایمان افروز محافل و مجالس آراستہ کی جا رہی ہیں کہیں بین الاقوامی سطح پر تو کہیں پر قومی و صوبائی سطح پر عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عظیم الشان جلسوں اور کانفرنسوں کے پروگرام ترتیب دیے جارہے ہیں، اور ان تقاریب میں شرکت کرکے أہل ایمان اپنے ایمان کو جلا بخش رہے ہیں، اپنے قلوب و اذہان کو منور و مجلی کررہے ہیں، اپنے پیارے آقا حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میں ڈوب کر نعت رسول مقبول گنگنا رہے ہیں، سیرتِ سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کے بیانات سن کر بعض مسلمانوں کی زندگی سنتوں کے سانچے میں ڈھلنے لگتی ہے، اہل علم علمائے کرام خطبائے عظام اور ماہرین زبان و بیان مقررین دلائل و براہین سے مزین تقاریر و بیانات کے ذریعے سامعین کے قلوب و اذہان کو نور ایمان سے جگمگاتے ہیں، بعض علاقوں اور شہروں کی زیب و زینت اور آرائش و زیبائش انتہائی دلکش اور پرکشش ہوتی ہیں، عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم اپنے مکانات اور گلیوں کو بلبوں، قمقموں، اور دیگر اشیائے زیب و زینت سے بقہ نور بنادیتے ہیں، ہرطرف ایک عجب جوش و خروش اور جذبات کا طوفان نظر آتا ہے، جلوس محمدی میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا امنڈتا ہوا موجزن سیلاب دیکھ کر دل مسرت و شادمانی سے جھوم اٹھتا ہے، ایسے ایمان افروز ماحول میں جذبات سے مغلوب ہو کر دل اس طرح مچلنے لگتا ہے کہ جی چاہتا ہے دیوانگی کے عالم میں دلوں کے ٹکرے کرلیں۔ الغرض ایک طرف تو عشق و محبت، اور احساسات وجذبات کی ایک حسین دنیا آباد ہوتی ہے جہاں نصیب والے اپنی قسمت سنوارنے اور بہشت کی لازوال نعمتوں کا مستحق بننے والوں کی فہرست میں اپنا نام درج کرانے میں لگے ہوتے ہیں جبکہ اسی دنیائے فانی میں کچھ ایسے بدبخت اور کمبخت داغدار چہروں اور کالے دل والوں اور ابلیس کے چیلوں اور شیاطین کی پیروی کرنے والوں کی ایک ایسی تنگ و تاریک دنیا بھی آباد ہے، جہاں ربیع الاول شریف کا روشن چاند نکلتے ہی جشن بہاراں کے چرچے ہوتے ہی ماتم کدے تیار ہونے لگتے ہیں، عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے محروم بغض نبی میں چور تعظیم و تکریم سے دور ونفور گستاخی رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے داغدار متعفن دامن والے لوگ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا نام سن کر واویلا مچانے لگتے ہیں۔ ابلیس کی پیروی کرتے ہوئے چیخنے چلانے لگتے ہیں۔ اور جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو روکنے اور ذکر مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کو مٹانے کے لیے اپنی سی ناکام کوشش کرتے ہیں
مگر ان انسان نما شیطانوں کے کالے کرتوتوں کے باوجود جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کا مقدس سلسلہ جاری ہے اور ہمیشہ جاری رہے گا
امام عشق و محبت اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری برکاتی رحمۃ اللہ علیہ نے کیا خوب فرمایا ہے،
مٹ گئے، مٹتے ہیں، مٹ جائیں گے اعداء تیرے
نہ مٹا ہے نہ مٹیگا کبھی چرچا تیرا۔

حشر تک ڈالیں گے پیدائش مولیٰ کی دھوم
مثل فارس نجد کے قلعے گراتے جائیں گے۔

خاک ہو جائیں عدو جل کر مگر ہم تو رضا
دم میں جب تک دم ہے ذکر انکا سناتے جائیں گے۔

نثار تیری چہل پہل پر ہزار عیدیں ربیع الاول
سوائے ابلیس کے سبھی تو خوشیاں منا رہے ہیں۔

اس لیے اے پیارے اسلامی بھائیو!
جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کو خوب دل سے انتہائی ادب واحترام کے ساتھ انتہائی عقیدت و محبت میں غرق ہوکر نام و نمود اور ریاکاری سے دل کو پاک و صاف کرکے صرف اور صرف اللہ و رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی رضا و خوشنودی کے لیے منائیے، مجالس کا انعقاد کیجیے محسن انسانیت رحمۃ اللعٰلمین سرورِ کونین صلی اللہ علیہ وسلم کے احسانات کو یاد کیجیے، عالم اسلام کو بلکہ پوری دنیا کو امن وامان کا گہوارہ بنانے کا پیغام دیجیے، اپنی زندگیاں تحفظ ناموسِ رسالت کے لئے وقف کیجیے، وقت کی ضرورت کو سمجھیے، اپنے کردار و گفتار اور اعمال کو اسوۂ حسنہ کے مطابق ڈھال لیجیے اپنے بچوں کو عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی گھٹی پلا دیجیے، بہترین امت کے مصداق بن کر دکھائیے، عید میلادالنبی کے ہر اسٹیج سے امت مسلمہ کو شریعت کے دائرے میں رہنے کا پیغام دیجیے، صرف پیغامات پیش کرکے خود کو بری الذمہ مت سمجھیے بلکہ عملی اقدامات کیجیے، تمام مسلمانوں کی تمام دینی وتعلیمی، سیاسی وسماجی، معاشی و اقتصادی ضروریات کی تکمیل اور مسائل کے حل کی جانب پیشقدمی کیجیے ہمارا مقصد صرف ثواب کمانا اور روایات و رسوم کا ادا کرنا نہیں بلکہ ایک صالح اسلامی معاشرہ قائم کرنا ہے۔ اے پیارے آقا کے دیوانو! جب عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا دعویٰ کرتے ہیں تو ہمیں اللہ تعالیٰ کے پیارے محبوب داناۓ غیوب پیارے مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر نظام مصطفیٰ قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اے نوجوانان قوم وملت عید میلادالنبی کی محفلوں کو مکمل طور پر شریعت کے دائرے میں منعقد کیجیے اور جلوس محمدی کو تمام غیر ضروری اور غیرشرعی حرکات سے محفوظ رکھیے، نماز اور تلاوت قرآن کریم کے پابند بنیے، اپنے چہروں کو سنت رسول سے سجائیے، خود کو اسلام اور مسلمانوں کی حفاظت اور بقا کے لئے تیار کیجیے۔

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے