سوگوار قلم: سید صابر حسین شاہ بخاری قادری
فقیر دو تین ہفتوں سے سخت علیل رہا الحمدللہ آج احباب کی دعاؤں کے نتیجے میں آج طبیعت میں کچھ بہتری کے آثار نظر آئے ہیں، جوں ہی طبیعت سنبھلی تو سب سے پہلی دل خراش خبر یہ ملی کہ دنیائے اہل سنت کے ممتاز محقق علامہ سید نور محمد قادری رحمۃ اللہ علیہ کی بیوہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
علامہ سید نور محمد قادری رحمۃ اللہ علیہ مرکزی مجلسِ رضا لاہور کے بانی حکیم اہل سنت حکیم محمد موسیٰ امر تسری رحمۃ اللہ علیہ کے رفقاء میں سے تھے، انہوں نے مجلسِ رضا کے ابتدائی دنوں میں ایک مقالہ”اعلیٰ حضرت کی نعتیہ شاعری” لکھا جسے حکیم اہل سنت رحمۃ اللہ علیہ نے مجلسِ رضا کے زیر اہتمام شائع فرما کر عام کیا، اسی طرح آپ نے ایک مقالہ”اعلیٰ حضرت کی سیاسی بصیرت” بھی لکھا، اسی طرح اقبالیات کے حوالے سے آپ کی شہرۂ آفاق کتاب”اقبال کا آخری معرکہ” کی مثال ملنا محال ہے، آپ کی ساری زندگی سادگی و درویشی میں بسر ہوئی، آپ کی اہلیہ محترمہ بھی یاد گار اسلاف میں سے تھیں، آپ کے فرزند جلیل سید محمد عبداللہ قادری فقیر کے مہربان اور قدردان ہیں، آپ بھی اپنے والد گرامی کی طرح قلم و قرطاس سے گہری وابستگی رکھتے ہیں، آپ نے اپنے والدین کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی، چونکہ آپ واہ فیکٹری میں ملازم تھے اور یہاں سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد احمد نگر غربی گلی نمبر سات میں رہائش اختیار کر لی تھی، والدہ ماجدہ بھی ان کے ہاں قیام پذیر تھیں، کل 9/رجب المرجب 1443ھ/11/فروری 2022ء جمعہ المبارک کو آپ کی والدہ ماجدہ نے رخت سفر باندھا اور داعی اجل کو لبیک کہا ۔ نماز جنازہ ان کے آبائی چک منڈی بہاؤالدین میں ادا کی گئی اور وہاں ہی آسودہ خاک ہوئیں، ماں کی جدائی کا داغ نہ مٹنے والا ہے، آہ! ہمارے ممدوح سید محمد عبداللہ قادری کے سر سے دعاؤں کی برکھا ہٹ گئی ہے، آہ! ہم ایک عظیم ماں کی محبتوں سے ہمیشہ کے لیے محروم ہو گئے ہیں، آپ اپنے فرزند جلیل سید محمد عبداللہ قادری کے رفقاء کو بھی اپنے بیٹوں کی طرح چاہتی اور پیار فرماتی تھیں۔ ان کی وفات حسرت آیات سے ہم پریشان ہیں، غمگین ہیں، لیکن صبر کے سوا آخر چارا بھی کوئی نہیں ہے ۔ اللہ تعالیٰ اپنے محبوب حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل حضرت مرحومہ مغفورہ کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور ان کے درجات بلند سے بلند تر فرمائے اور تمام پسماندگان بالخصوص سید محمد عبداللہ قادری کو صبر جمیل اور صبر جمیل پر اجر جزیل عطا فرمائے اور ہم سب کا خاتمہ بالخیر فرمائے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین بجاہ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وازواجہ وذریتہ واولیاء امتہ وعلما ملتہ اجمعین
دعا گو ودعا جو
شریک غم اور پر نم
گدائے کوئے مدینہ شریف
احقر سید صابر حسین شاہ بخاری قادری غفرلہ سرپرست اعلیٰ ماہ نامہ مجلہ الخاتم انٹر نیشنل و "ہماری آواز”
مدیر اعلیٰ الحقیقہ
مدیر اعلیٰ سہ ماہی”خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (انٹر نیشنل)
ادارہ فروغ افکار رضا و ختم نبوت اکیڈمی برھان شریف ضلع اٹک پنجاب پاکستان پوسٹ کوڈ نمبر 53710(10/رجب المرجب 1443ھ/ 12/فروری 2022ء بروز ہفتہ بوقت 4:27عصر)