نئی دہلی: ہماری آواز/ 27 دسمبر (پریس ریلیز) وزیر اعظم نریندر مودی نے سال 2021 میں وطن کے باشندوں سے ‘سوچھ بھارت’ کا عہد کرنے کی اپیل کی ہے مسٹر مودی نے اتوار کے روز اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ‘ من کی بات ‘ میں یہ اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ "ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم کوڑا ہر گز نہیں پھیلائیں گے۔ یہ ‘سوچھ بھارت’ مہم کا پہلا مقصد بھی ہے۔ ہمیں ملک کو ‘واحد استعمال کے پلاسٹک’ سے آزاد کرنا ہے۔ یہ 2021 کے عزائم میں سے ایک ہے”۔
انہوں نے گروگرام میں رہنے والے نوجوان پردیپ سنگوان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پردیپ سانگوان 2016 سے ہی ‘ہیلنگ ہمالیہ’ کے نام سے مہم چلا رہے ہیں۔ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ ہمالیہ کے مختلف علاقوں میں جاتے ہیں اور جو پلاسٹک کے کوڑے سیاح چھوڑ جاتے ہيں، ان کو صاف کرتے ہيں۔ ابھی تک پردیپ نے ہمالیہ کے مختلف سیاحتی مقامات سے ایک ٹن پلاسٹک صاف کرچکے ہیں۔
وزیر اعظم نے اس تناظر میں کرناٹک سے تعلق رکھنے والے انودیپ اور منوشا کی مثال بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے انودیپ اور منوشا نے دیکھا کہ لوگ گھر سے باہر جاتے ہیں اور وہاں بہت سارا کوڑا کرکٹ چھوڑ آتے ہیں۔ کرناٹک کے سومیشور ساحل پر بھی ایسی ہی صورتحال تھی۔ شادی کے بعد انودیپ اور منوشا نے اپنا پہلا عزم یہی کیا تھا۔ انہوں نے مل کر سمندری ساحل پر بہت سارا کوڑا صاف کیا۔ ان کی سوچ سے متاثر ہوکر بہت سارے نوجوان آئے اور اس کام میں شامل ہوئے۔ ان لوگوں نے مل کر سومیشور کے ساحل سے 800 کلوگرام سے زیادہ کوڑا صاف کیا ہے۔
وزیر اعظم نے سوچھ بھارت مہم کے عہد کا اعادہ کیا اور وطن کے باشندوں کو نئے سال کی مبارکباد دی۔