فقہ و فتاویٰ

شب زفاف (شادی کی پہلی رات) سے متعلق ہدایات

تحریر: محمد یونس رضوی مصباحی،کولکاتا
رکن صفّه اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن آف جامعہ اشرفیہ
موبائل نمبر:7278694574

نکاح کے بعد پہلی رات ازدواجی زندگی میں بڑی اہمیت رکھتی ہے، اگر یہ رات خوشگوار گذر جائے تو اس کے اثرات پوری زندگی باقی رہتے ہیں۔ اس مضمون میں بعض ہدایات تو شب زفاف کے لیے مخصوص ہیں، جبکہ اکثر ہدایات ایسی ہیں جو پوری زندگی کے لیے ہیں۔

سہاگ رات ہی ایک نئی زندگی کا آغاز ہے، ایک نئے ولولہ کا نام ہے۔ زندگی کی خوشیوں کا مرکزی نکتہ یہی شب زفاف ہے، اسی رات ایک لڑکا لڑکی میاں بیوی میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ اسی رات ایک نیا گھر تشکیل پاتا ہے ۔

بیوی سے پہلی ملاقات میں بات چیت سے پہلے سلام کرے، پھر وضو کرکے دو رکعت نماز پڑھے ، اس کا طریقہ یہ ہے :
شوہر آگے بڑھ کر امامت کرے جبکہ دلہن دولہے کے پیچھے نماز ادا کرے. اس سے دلہا دلہن کے دل میں اگر کوئی نفرت ، کراہیت یا ناپسندیگی ہو گی تو ان شاء اللہ دور ہوجائے گی. اس کے بعد دولہا دلہن کو اپنے قریب کرکے اپنے ہاتھ کو دلہن کی پیشانی پر رکھ کر یہ دعا پڑھے.

” اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ خَيْرَهَا وَخَيْرَ مَا جَبَلْتَهَا عَلَيْهِ وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ شَرِّهَا وَمِنْ شَرِّ مَا جَبَلْتَهَا عَلَيْهِ ” .

ترجمہ : اے اللہ ! میں تجھ سے اس کی ذات کی بھلائی مانگتا ہوں اور بھلائی اس چیز کی جس پر تو نے ان کو پیدا کیا یعنی اچھے اخلاق، اور میں تیری پناہ چاہتا ہوں اس کی برائی سے اور اس چیز کی برائی سے جس پر تو نے اسے پیدا کیا یعنی برے اخلاق و افعال۔

یہ دعا بڑی مؤثر ہے، خلوص نیت کے ساتھ اس کا اہتمام ہوتو اس کے واضح اثرات دیکھنے کو ملیں گے۔ اس کے بعد اس بات کا خوب خیال رکھیں کہ زوجین شادی سے پہلے اجنبی اور غیر مانوس ہوتے ہیں، لہٰذا جماع اور صحبت میں جلد بازی نہ کرے، بلکہ پہلے انسیت ومحبت اور خوش طبعی کی باتیں ہوں، تحفے تحائف کا لین دین ہو، اس لیے کہ یہ عمل زوجین کے درمیان محبت کے اضافہ کا سبب ہوگا۔

جب جماع کا ارادہ ہوتو آہستہ آہستہ بیوی کو اپنی طرف مائل و قریب کرے۔ ملحوظ رہے عورت گھر کی ملکہ بھی ہے اور فطری طور سے محبوبہ بھی، آپ کی رفیقہ حیات اور دکھ درد میں معاون و مددگار بھی، اس لئے محبت و الفت کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ اپنا وقار اور مقام کا خیال رکھا جائے۔ جماع سے قبل یہ مسنون دعا پڑھ لے :

"بِسْمِ اللّٰهِ اللّٰهُمَّ جَنِّبْنِي الشَّيْطَانَ وَجَنِّبِ الشَّيْطَانَ مَا رَزَقْتَنَا”
ترجمہ : ہم مدد چاہتے ہیں اللہ کے نام کے ساتھ، اے اللہ تو ہمیں جو اولاد نصیب کرے اِس کو شیطان سے اور شیطان کو اس سے دور رکھ۔

یاد رہے ان دعاؤں کو بغیر دیکھے پڑھنا ضروری نہیں، بلکہ دیکھ کر بھی پڑھ سکتے ہیں۔

جماع کے وقت قبلہ رُخ نہ ہوں کہ یہ احترام قبلہ کے خلاف ہے۔

حیض (ماہواری) کی حالت میں جماع کرنا قرآن وسنت کی رو سے حرام اور گناہِ کبیرہ ہے جس سے بچنا انتہائی ضروری ہے۔

صحبت کے بعد بہتر یہ ہے کہ غسل یا وضو کرکے سویا جائے۔

یاد رکھیں کہ جماع نفس کی خواہش پورا کرنے کی نیت سے نہ ہو، بلکہ اچھی نیت سے کیا جائے۔ مثلاً: عفت و پاکدامنی کا حصول، بیوی کا حق ادا کرنا اور اولاد صالح پیدا ہو اور داعی الی اللہ بنے وغیرہ وغیرہ امور کی نیت کرے تاکہ لطف ولذت کے ساتھ ساتھ یہ عمل اجر وثواب کا باعث بھی بنے۔ میاں بیوی رات کی باتیں اپنے دوست واحباب کے سامنے بیان کرنے سے اجتناب کریں کہ یہ بے شرمی اور سخت گناہ کی بات ہے۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو زندگی کے ہر شعبے میں سنت و شریعت کے مطابق کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں خوشگوار ازدواجی زندگی عطا فرمائے۔ آمین

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے