مضامین و مقالات

دوست نما دشمنوں سے پرہیز کریں

تحریر: طارق انور مصباحی

دنیا ایک عجائب گھر ہے۔یہاں وہ سب کچھ ہو سکتا ہے جس کی توقع بھی نہیں کی جا سکتی ہے۔ہاں,یہ سچ ہے کہ بعض صورتیں ہمیشہ درپیش ہوتی ہیں اور بعض صورتیں کبھی کبھی دیکھنے کو ملتی ہیں۔یہ شاذ ونادر پیش آنے والی صورت بھی کبھی سخت نقصان پہنچانے والی یا جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں۔

یہ بالکل بدیہی بات ہے کہ کسی انسان کی دوستی ہر ایک انسان سے نہیں ہوسکتی۔عام طور پر ہرایک انسان کے کچھ دوست ہوتے ہیں اور کچھ دشمن ہوتے ہیں۔

انسانیت کی بنیاد پر ہر ایک انسان کا دوسرے سے ربط و تعلق اور انسانی رشتہ موجود ہے,لیکن اس تعلق کے سبب ہر کوئی آپ کا دوست نہیں ہو سکتا۔

جس طرح دوستی کے بہت سے اسباب ہیں,اسی طرح دشمنی کے بھی بہت سے اسباب ہیں۔
دوسری بات یہ بھی ہے کہ آج کا دوست کل کا دشمن ہو سکتا ہے۔اس کا مشاہدہ بھی ہمیشہ ہوتا رہا ہے۔

بعض لوگ دوست نما دشمن ہوتے ہیں جو بظاہر آپ کی حمایت و خیر خواہی کا ڈھونگ رچاتےہیں,لیکن وہ آپ کو مصیبتوں میں مبتلا کرنے کے واسطے جال بچھاتے رہتے ہیں۔

ایسے دو منہ کے سانپوں سے بچنے کی ہر ممکن تدبیر کریں۔ایسے لوگ آپ کے دوستوں میں بھی ہو سکتے ہیں اور آپ کے رشتہ داروں میں بھی۔

جب انسانی آبادی کے ابتدائی مرحلے میں بھائی نے بھائی کو ہلاک کر دیا۔ہابیل و قابیل کا واقعہ بہت مشہور ہے۔دونوں آپس میں بھائی تھے,اور دونوں نبی زادے تھے۔قابیل نے ہابیل کو پہاڑ کے اوپر سے دھکیل کر ہلاک کر دیا۔ جب انسانی آباد کاری کےابتدائی عہد میں ایسا ہو سکتا ہے تو آج فتنوں کے زمانے میں کیا کچھ نہیں ہو سکتا۔

اپنے خفیہ دشمنوں کو نہ اپنے راز کی کوئی بات بتائیں,نہ ہی اپنا کوئی مشکل معاملہ ان کے سپرد کریں,ورنہ وہ معاملہ ایسا الجھے گا کہ اس کا حل دور دور تک نظر نہیں آئے گا۔

انسان کو سہارے کی ضرورت پڑتی ہے تو کوئی ایسا سہارا تلاش کریں جو دھوکہ نہ دے-

جس سے آپ ایک بار دھوکہ کھا چکے ہوں تو دوبارہ اسے آزمانے کی کوشش نہ کریں۔حدیث مصطفوی میں اس سے منع کیا گیا ہے۔

حضور اقدس صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

لا یلدغ المؤمن من حجر واحد مرتین۔

حدیث نبوی کا مفہوم یہ ہے کہ مومن ایک شخص سے دو بار دھوکہ کھانے کا موقع فراہم نہ کرے۔جب ایک بار اس نے فریب بازی کردی ہے تو دوبارہ فریب بازی سے کون سی چیز مانع ہے؟

اگر آپ کو نقصان اٹھانے کا شوق ہو تو ضرور فریب کاروں کے پاس بار بارجائیں۔

ارشادات نبویہ میں بہت سی حکمتیں پوشیدہ ہوتی ہیں۔گرچہ ہم تمام حکمتوں اور مصلحتوں کو سمجھ نہ سکیں۔

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے