متفرقات

ادب ایمان کا سب سے بڑا محافظ ہے: سید محمد اشرف

نبیرہ سرکار کلاں،شہزادہ شیخ اعظم،مجدد تعلیمات اشرفیہ حضور اشرف ملت حضرت علامہ سید شاہ محمد اشرف اشرفی جیلانی کچھوچھوی دامت برکاتہم کاسات روزہ کشمیر کے دعوتی و تبلیغی دورے پراہم بیان

جموں و کشمیر: ہماری آواز(پریس ریلیز)

ملک کی مشہورومعروف تنظیم آل انڈیاعلمامشائخ بورڈ کے قومی صدر نبیرہ سرکار کلاں،شہزادہ شیخ اعظم،مجدد تعلیمات اشرفیہ حضور اشرف ملت حضرت علامہ سید شاہ محمد اشرف اشرفی جیلانی کچھوچھوی دامت برکاتہم تین رکنی وفد کے ساتھ کشمیر کے سات روزہ دعوتی و تبلیغی دورے پر سری نگر پہنچ چکے ہیں،وفد میں آپ کے ساتھ اسلامی اسکالر مولانا مقبول احمد سالک مصباحی قومی ترجمان آل انڈیاعلمامشائخ بورڈ اور دہلی آفس سکریٹری مولانامحمد عظیم اشرف شامل ہیں، اس دور کا مقصد دعوتی و تبلیغی ہے، امن اور محبت کا پیغام لے کر کشمیر آئے ہیں،ٹوٹے دلوں پہ مرحم رکھنے کے لیے،بہتے آنسو پوچھنے کے لیے، سلسلہ چشتیہ نظامیہ اشرفیہ کےبزرگوں خصوصاتارک السلطنت حضرت سلطان سید مخدوم اشرف جہاں گیر سمنانی کی دعاؤں اور تبرکات تقسیم کرنے کے لیے، مولانا محمدنورانی نقش بندی اور ان کے ہمراہیوں نے سری نگر ایرپورٹ پر گل پوشی کرکے مہمانوں کااستقبال کیا۔
ایر پورٹ سے پہلے مولانا رفیع ملک کے گھر پہنچے،جہاں ان کے اعزہ اور احباب پہلے سے ہی استقبال کے لیے تیار تھے۔
وفد نےآج 23/فروری سے دعوتی مہم کا باضابطہ آغاز کردیاہے،اہل حاجت اور دعاؤں کے طلب گار جوق در جوق شہزادہ مخدوم کے در پر حاضری دے رہے ہیں، اور اپنی اپنی مشکلات اور پریشانیاں پیش کررہے ہیں، حضرت اشرف ملت سب کو دعائیں اور تسلی دیتے ہیں، بورڈ کے قومی ترجمان مولانا مقبول احمد سالک مصباحی نے بتایا کہ سات دنوں تک یہ خصوصی دورہ کشمیر کے مختلف شہروں اور دیہاتوں میں جاری رہے گا،اس دوران یہ وفد صوفیائے اسلام کے پیغام کو اہل کشمیر تک پہنچانے اور اولیا ئے ہند کے آستانوں سے ان کو جوڑنے کی جد وجہد کرے گا، کیونکہ اجمیر وکلیر اور بہرائچ و گلبرگہ اور کچھوچھہ شریف کی طرح خطہ کشمیر بھی شروع سے صوفیا اور اہل اللہ کے دامن سے وابستہ رہا ہے، اور کشمیر میں نفرت کو کم کرنے اور محبت کی فضا قائم کرنے میں صوفیا کاکردار اہم رول رہاہے۔
حضرت اشرف ملت سب سے پہلے سری نگر سے متصل بڈگام کے علاقے میں مولانارفیع ملک کی قائم کردہ لائبریری کاوزٹ کیا، وہاں موجود کتابوں کامعائنہ فرمایا پھر حاضرین کے مسائل کو سنا اور ان کو روحانی علاج فراہم کیا، بعدہ ذکرودرود پاک کی محفل میں شرکت کی اور دعا فرمائی، نماز عصر کے بعد مسجد ابو حنیفہ، میر محلہ اتھوا جن، با ئی پاس، سری نگر،میں حاضری ہوئی،وہاں نماز مغرب مسجد میں ادا کی گئی اور بعد مغرب فورا بزم تصوف کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت و منقبت سے ہوا، پھر اشرف ملت نے بڑے ہی دل نشین اور سنجیدہ انداز میں خطاب فرمایااور خطہ کشمیر کو صوفیائے اسلام سے جو خصوصی نسبت حاصل ہے، اس پر بھرپور روشنی ڈالی، اور بتایا کہ کس طرح اللہ کے سچے ولی حضرت بلبل شاہ علیہ الرحمہ کے ذریعے یہاں پر اسلام کی روشنی آئی،اور آپ کے ذریعے اس کی نشرواشاعت کا آغاز ہوا۔
آپ نے کہا کہ مسلمانوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، تمھارے تمام مسائل کا حل قرآن پاک اور سنت رسول میں ہے، اللہ والوں کی زندگی تمھارے لیے مشعل راہ ہے، ان کے نقش قدم پر چلو، دنیا تمھارا کچھ نہین بگاڑ سکتی۔
آپ نے کہا کہ آج کشمیر کی زمیں میں یہاں کی وادیوں اور گل بوٹوں میں محبت کی جو فضا قائم ہے، اس میں صوفیائے کشمیر کااہم رول ہے، خطاب کا مرکزی نقطہ ایمان کی فضیلت اور اعمال صالحہ کی اہمیت تھی، آپ نے کہا کہ ایمان کے بغیر کوئی عمل قابل قبول نہیں، اور ایمان کی حفاظت کا سب سے اہم ذریعہ ادب ہے، صوفیا نے ادب کی تعلیم پر بہت زور دیاہےلہذا جان، مال سے زیادہ اہم ایمان اور ادب کی حفاظت ہے۔
خطاب کے بعد درجنوں افراد نے آپ کے ہاتھوں پرتوبہ واستغفار کیا اور آپ کی نورانی صورت کو دیکھ کر کئی بااثر افراد داخل سلسلہ بھی ہوئے، بیعت وارشاد سے فراغت کے بعد وہیں فورا نماز عشا باجماعت ادا کی گئی پھر مولانامحمد رفیع ملک، مولاناسرتاج احمد،مولانامحمد اشرف اورقاری عباس احمدصاحبان کی رہ نمائی میں ایک کرم فرماکے یہاں قیام وطعام کے لیے تشریف لے گئے۔
مولانا عظیم اشرف جو کہ اس دورے میں پروگرام کو مینیج کرنے اور عوام اہل سنت سے رابطہ کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، انھوں نے کہا کہ حضرت اشرف ملت کا یہ دورہ مذہبی ودعوتی ہے، اس سفر کا مقصد بیعت وارشاد اور اصلاح سماج ہے
کشمیر کی بھولی بھالی مظلوم عوام کو اللہ کے محبوب بندوں سے تعلق کو مضبوط کرنا اور ان کی تعلیمات وارشادات سے روشناس کرانا ہے، انھوں نے کہا کہ کشمیر کے اکثرعلاقوں میں بورڈ کی شہرت پہنچ چکی ہے، حضور اشرف ملت اس سے پہلے بھی کشمیر کا دورہ کرچکے ہیں بلکہ 2014میں جب سیلاب آیاتھاتو مصیبت زدگان میں بورڈ کی جانب سے ریلیف تقسیم کرنے کے لیے بھی تشریف لائے تھے، اس طرح کشمیر میں بورڈ کے ہزاروں کارکنان و ممبران موجود ہیں تو امن اور محبت کی نشرواشاعت میں لگے ہوئے ہیں.

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے