نعت رسول

نعت رسول: یادِ مدینہ آئے تو پھر آئے دیر تک

نتیجہ فکر: ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادت گنج،بارہ بنکی،یوپی

یادِ مدینہ آئے تو پھر آئے دیر تک
دل پر سرور چھاتا ہے تو چھائے دیر تک

ان کے تصورات میں کیا کٹ رہے تھے دن
فکرِ جہاں جب آئی تو پچھتائے دیر تک

جب نعت لکھتے وقت کوئی ملنے آگیا
اس سے تعلقات پہ جھنجھلائے دیر تک

بس ایک لمحہ ذکرِ نبی میں نے کیا کیا
رب نے کرم کے پھول ہیں برسائے دیر تک

اللہ رے کیا جلال تھا ان کے دیار میں
پہنچے جب ان کے در پہ تو تھرائے دیر تک

صلے علٰی کے ذکر کی خوشبو ہے لازوال
میرے دل و دماغ کو مہکائے دیر تک

اے مولا کیا کروں کہ مدینے کی آکے یاد
شام و سحر یہ دل مرا تڑپائے دیر تک

تصویرِ روضۂ نبی جب دیکھوں اے خدا
میری نگاہِ شوق کو ترسائے دیر تک