رمضان المبارک

روزے کے جسمانی و روحانی فوائد، اسلام و سائنس کی روشنی میں (قسط اول)

از قلم: محمد ہاشم اعظمی مصباحی، نوادہ مبارکپور اعظم گڑھ یو۔پی۔

اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے۔ حدیث شریف میں: عن أبی عبد الرحمٰن عبد اللّٰہ بن عمر بن الخطّاب قال:سمعت رسول اللّٰہ ﷺ یقول بنی الاسلام علیٰ خمس شھادۃ ان لاّ ا لٰہ الّا اللّٰہ وانّ محمّدا رسول اللّٰہ ،واقام الصّلٰوۃ،وایتاء الزّکوٰۃ،وحجّ البیت ،وصوم رمضان۔
(رواہ البخاری و مسلم)
ابوعبد الرحمٰن عبد اللہ بن عمر بن خطاب رضی اللہ عنہم سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺکو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ ’’اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر رکھی گئی ہے گواہی دینا کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں ،نماز قائم کرنا ،زکوٰۃ ادا کرنا،بیت اللہ کا حج کرنا،اور رمضان المبارک کے روزے رکھنا۔‘‘ (بخاری و مسلم)
ان پانچوں ارکان کو دین اسلام میں بنیادی حیثیت حاصل ہے۔جس طرح عمارت کے استحکام کے لئے بنیادوں کی گہرائی اور مضبوطی ضروری ہے اسی طرح اسلام کی پختگی بھی گہرے اور مضبوط ایمان کے بغیر نا ممکن ہے۔ اور جس طرح عمارت کی تزئین وآرائش سجاوٹ کے سامان کے بغیر نہیں ہو سکتی اسی طرح اسلامی عمارت کی آرائش و زیبائش بھی اعمال صالحہ کے بغیر ناممکن ہے۔ بلکہ بعض اہل علم کے نزدیک اعمال صالحہ کے بغیر ایمان کا وجود ہی عنقا ہے۔اسی لئے حضور ﷺ نے اس حدیث میں فرمایا:’’اسلام کی بنیاد ان پانچ چیزوں پر ہے۔‘‘اس کا مفہوم یہ ہے کہ ان کی عدم موجودگی میں عمارت ہی سرے سے غائب ہو جائے گی حتیٰ کہ دوستی ودشمنی کا معیار بھی رسول اللہ نے انہی ستونوں پر رکھا ہے ۔کہ جو ان پر عمل کرے گا اس کے جان ومال کے تحفظ کی ضمانت دی جائے گی ورنہ اسلام کی نظر میں اس کا جان ومال غیر محفوظ ہے۔
حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں لوگوں سے جنگ کرتا رہوں تاآنکہ وہ گواہی دیں کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی سچا معبود نہیں اور محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں،نماز قائم کریں اور زکوٰۃ دیں، روزہ رکھیں، حج کریں جب وہ یہ کام کر لیں تو وہ مجھ سے اپنے خون اور اموال محفوظ کر لیں گے سو ائے کسی اسلامی حق کے اور ان کا حساب اللہ پر ہوگا۔ (بخاری)

ارکان اسلام میں روزہ ایک اہم رکن کی حیثیت رکھتا ہے سال بھر میں مسلمانوں پر رمضان المبارک کے ایک مہینے کا روزے رکھنا ضروری ہے ہر عاقل، بالغ، صحت مند اور باشعورمسلمان مرد وعورت پر روزہ فرض ہے۔صبح صادق سے لیکر غروب آفتاب تک کھانے پینے اور نفسانی خواہشات پر کنٹرول رکھنے کا نام روزہ ہے روزہ انسان کو متقی اور پرہیز گار بناتا ہے روزہ سے جفا کشی،صبرو تحمل اور ناداروں سے ہمدردی کے جذبات پیدا ہوتے ہیں.
یہ محض ایک مذہبی فریضہ ہی نہیں بلکہ یہ بے شمار جسمانی و روحانی فوائد بھی عطا کرتا ہے روزے کے اندر بدن انسانی کو صحت و تندرستی کے لئے زبردست حکمت عملی اور صلاحیت موجود ہے روزے کے عمل میں انسان کے لیے بے شمار جسمانی و روحانی فوائد کے باعث روزہ رکھنا ایمان و عمل کا جزو لاینفک قرار دیا گیا ہے خدائے پاک کی یہ حکمت عملی بنی نوع انسان سے محبت اور اس کی حقانیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

جاری۔۔۔۔

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com