محمد رمضان امجدی مہراجگنجوی
شاہ دیں کے نام کا جلسہ سجایا جائے گا
ان کارتبہ کیا ہے دنیا کو بتایا جائے گا
بخت خفتہ کو ہمارے بھی جگایا جائے گا
ہے یقیں طیبہ میں ہم کو بھی بلایا جائے گا
منعقد کرکے محافل آمد سرکار پر
نغمہء صل علی سب کو سنایا جائے گا
جس گھڑی آئیں گے محشر ميں حبیب کبریا
عاصیوں کو خلد کا مژدہ سنایا جائے گا
تربت سرکار کی گر خاک مل جائے کبھی
صد عقیدت سے اسے سرمہ بنایا جائے گا
خاک کربل دے رہی ہے یہ صدا اے مومنو!
دین کا پرچم قیامت تک اٹھایا جائے گا
امجدی میری تمنا پوری ہوگی اس گھڑی
جس گھڑی جلوہ شہ دیں کا دکھایا جائے گا