دارالعلوم برکات غریب نوازمیں جشن یوم جمہوریہ کے موقع پر علما کا اظہار خیال
ہماری آواز/ مدھیہ پردیش: 26جنوری کے موقع پر دار العلوم برکات غریب نواز احمد نگر کٹنی میںجشن یوم جمہوریہ بڑے ہی تزک واحتشام کے ساتھ منایا گیا ۔جس میں مدرسہ ہذا کے اساتذہ اور طلبہ کے علاوہ قرب وجوار کے علما ودانشور نے بھی شرکت کی۔پروگرام کا آغازمدرسہ کے ناظم اعلی حافظ وقاری اختر حسین قادری اور خزانچی جناب اشتیاق صاحب نے پرچم کشائی اور وطن کے مجاہدین آزادی کو سلامی پیش کر کے کیا۔ اس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔پھریکے بعد دیگرے مدرسہ کے بچوں نے قومی گیت کے ساتھ ساتھ وطن عزیز پر قربان ہونے والے شہیدوں کی شان میں قصیدے پڑھے۔پھر مدرسہ کے استاد حضرت مولانا مہتاب عالم نوری صاحب نے ملک بھارت کی فضیلت وعظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ سب سے پہلے انسان اور پیغمبر حضرت آدم علیہ السلام نے اپنے قدم میمونت سے اسے سرفراز فرمایا ہے اور آخری نبی پیغمبر اسلام ﷺ نے فرمایا کہ ہند سے وفا کی خوشبو آتی ہے۔اس سر زمین سے بزرگوں کو بڑی نسبت ہے ہمیں اس سے بے لوث محبت کرنی چاہیے۔ آخر میں مدرسہ ہذا کے پرنسپل مولانا مفتی نعیم الدین فیضی برکاتی(اعزازی ایڈیٹرہماری آواز) نے جمہوری اقدار وخصائص کو بیان کرتے ہوئے بتا یا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم بھارت جیسے عظیم جمہوری ملک میں رہتے ہیں جہاںمختلف مذاہب ،ذات اور رسم ورواج کے چاہنے اور ماننے والے لوگ آزادی کے ساتھ زندگی بسر کرتے ہیں۔یہاںگنگا جمنی تہذیب کے جلوے اوراخوت وبھائی چارگی اور یک جہتی و مساوات کی اعلیٰ مثالیں دیکھنے کو ملتی ہیں۔تقریر کے اختتام میں مولانا نے ملک عزیز بھارت کی آزادی میں مسلمانوں اور بالخصوص علمائے کرام کے کلیدی کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کی آزادی ہمارے آباء و اجداد کی مرہون منت ہے۔ہمیں اپنے بزرگوں کے کلیدی کارناموں کو خود بھی پڑھنا چاہیے اور اپنے بچوں کو بھی پڑھانا چاہیے تاکہ وہ بھی اپنے اسلاف کے مجاہدانہ اور سرفروشانہ کرداروں سے فیض لے کر ملک کی تعمیر وترقی میں بہتر سے بہتر عملی اقدامات کریں۔اس حسین موقع پرمدرسہ کے استاد حافظ وقاری نورالہدی پیکر،بلبل بنگال قاری غلام مصطفی رضوی ،احمد نگر مسجد کے امام حافظ توفیق صاحب ومؤذن جناب سہیل احمد صاحب ،سکریٹری جناب فیروز صاحب ،سراج بھائی ،حاجی نثار صاحب ،محمد خوشتروغیرہ کے علاوہ کثیر تعداد میں علاقہ کے عوام و خواص موجود رہے۔