سلطان الاولیاء، غوث الثقلین، محبوب سبحانی، قطب ربانی، پیران پیر دستگیر، حضرت سیدنا غوث الاعظم شیخ سید محی الدین ابو محمد عبد القادر جیلانی حسنی حسینی حنبلی رضی اللہ عنہ
اونچا بڑا مقام ہے پیران پیر کا
نانا شہِ انام ہے پیران پیر کا
قسمت جگانا کام ہے پیران پیر کا
بگڑی بنانا کام ہے پیران پیر کا
قصرِ ولا کی محفل انوار میں سدا
فیضان کس کا عام ہے؟ پیران پیر کا
ابدال ہو، ولی ہو، قلندر ہو، غوث ہو
سب کو ہی احترام ہے پیران پیر کا
پی کر کے مست ہو گئے خواجہ پیا جسے
کیا خوب تر وہ جام ہے پیران پیر کا
شاہ زمن کا نام ہے نبیوں میں جس طرح
یوں اولیاء میں نام ہے پیران پیر کا
لکھ دینا بعد موت کفن پر مرے ضرور !
یہ قادری غلام ہے پیران پیر کا
جب چاہوں بات کر لوں میں غوث الوری سے اب
دل میں مرے قیام ہے پیران پیر کا
ہے آرزو کہ مجھ کو کہیں دیکھ کر سبھی
یہ قادری غلام ہے پیران پیر کا
مشکل کو ایک پل میں ہی آسان کرتے ہیں
مشکل کشائی کام ہے پیران پیر کا
نسبت ہے ایسی غوث سے شاہد رضا تجھے
تو قادری غلام ہے پیران پیر کا
ازقلم: محمد شاہد رضا رضوی