دل میں آیا جب ہمارے خود کشی کا فیصلہ
کر لیا ہم نے بھی فوراً بندگی کا فیصلہ
بعد مرنے کے بھی میں زندہ رہوں گا ذہن میں
اس لئے میں نے کیا ہے شاعری کا فیصلہ
با خدا مجبور ہو کر زندگی کی جنگ میں
کرنا پڑتا ہے گوارا بے بسی کا فیصلہ
سچ تو یہ ہےمیں ترے قد کے برابر بھی نہیں
تم نے مجھ سے کیوں کیا ہے دوستی کا فیصلہ
کون میرا درد بانٹے کون غم ہلکا کرے
موت سے بدتر لگا ہے زندگی کا فیصلہ
چاہ کر بھی روک پائے نہ مری پرواز کو
دوستوں نے تب کیا ہے دشمنی کا فیصلہ
مٹنے والا ہے یہاں روشن چراغوں کا وجود
اب ہوائیں ہی کریں گی روشنی کا فیصلہ
~ افروز روشن کچھوچھوی