°°°°
نا حق کے لیے بولے تو تقریر بھی فتنہ
تقریر ہی کیا خامۂ و تحریر بھی فتنہ
ناموسِ رسالت کی حفاظت نہ کریں جو
قائد بھی مریدین بھی وہ پیر بھی فتنہ
جس سے مرے آقا کی ہو تعظیم میں تنقیص
وہ درس بھی تدریس بھی تفسیر بھی فتنہ
جو خود کے لیے بات حقائق کی چھپائے
علامہ بھی فہامہ بھی وہ میر بھی فتنہ
اسلام کے احکام سے ہو جس میں بغاوت
اسکول بھی کالج بھی اساطیر بھی فتنہ
سچائی کی صورت جو کرے جھوٹ سے تبدیل
وہ آئنہ بھی نقشۂ تصویر بھی فتنہ
جس سے ہو فقط غیر کی امداد و مدد وہ
تجویز بھی ترکیب بھی تدبیر بھی فتنہ
جو خون مسلماں کا امیں ہو نہیں سکتا
وہ تیر بھی تلوار بھی زنجیر بھی فتنہ
جو دیں کی حفاظت کے لیے لڑ نہیں پائے
وہ طاقت و قوت بھی مہاویر بھی فتنہ
تعجیل کرو جیتے جی اے مرد مسلماں
پھر ہو نہ ہو بن جائے یہ تاخیر بھی فتنہ
آجائے جسیم آدمی کو جس سے تکبر
تعریف بھی عزت بھی وہ توقیر بھی فتنہ
نتیجۂ فکر: محمد جسیم اکرم مرکزی