حضور غوث اعظم منقبت

منقبت: ہیں محبوبِ رب العلا غوث پاک

(منقبت)درشان پیر پیراں، میر میراں، شاہ جیلاں، غوث صمدانی، قطب ربانی، پیر لاثانی، شہباز لا مکانی، قندیل نورانی، محبوبِ سبحانی حضور سیدنا شیخ سید شاہ محی الدین عبد القادر جیلانی بڑے پیر دستگیر غوث الاعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ۔

رب کے محبوب کا لاڈلا غوث پاک
بالیقیں پرتوِ مصطفیٰ غوث پاک

جیسے نبیوں میں رتبہ ہے سرکار کا
رکھتےولیوں میں وہ مرتبہ غوث پاک

جو بھی ان کا ہوا وہ خدا کا ہوا
کہ ہیں محبوبِ رب العلا غوث پاک

غوث ثقلین، ولیوں کے سردار ہیں
راہِ الفت کے ہیں رہنما غوث پاک

سچ کہا، ماں کا وعدہ نہ توڑا کبھی
پیکرِ صدق ، شانِ وفا غوث پاک

دستِ اقدس پہ تائب ہوئے راہزن
ہو گئے عاملِ نقشِ پا غوث پاک

نقشِ پا پاکے کتنے ولی ہو گئے
پا گئے اور قربِ خدا غوث پاک

پیر یوں تو بہت ہیں مگر آپ سا
پیر پیراں نہیں دوسرا غوث پاک

جس کو دامن ملا آپکا، پھر کہاں؟
وہ رکھے غیر سے واسطہ غوث پاک

ہے عشا کا وضو، اور فجر کی نماز
کر رہے ہیں مسلسل ادا غوث پاک

ایسے چالیس برس تک ادا کی نماز
زاہد و متقیٰ پارسا غوث پاک

جلوۂ شانِ قدرت ہیں قادر بھی ہیں
عبد قادر ہیں قدرت نما غوث پاک

ربّ تلک پہونچنے کا پتہ مل گیا
مل گیا آپ کا سلسلہ غوث پاک

ہوگا راضی خدا نہ رسولِ خدا
ہوگئے آپ جس سے خفا غوث پاک

بارگاہِ خدا میں پہونچنے کا ہے
"بابِ سر ،،آپ کا راستہ غوث پاک

تیری نسبت کا پٹہ گلے میں رہے
حشرتک، ہے یہی التجا غوث پاک

کوئی میداں ہوپیچھےہٹوں نہ کبھی
وہ ملے ہمت و حوصلہ غوث پاک

فیض و برکت کاطالب ہےعاصی امیرؔ
صدقہٴ پنجتن ہو عطا غوث پاک

طالب فیض: عاصی محمد امیر حسن امجدی رضوی، خادم الافتا و التدریس: الجامعة الصابریہ الرضویہ پریم نگر نگرہ جھانسی یوپی
۱۳/ ربیع الثانی ۱۴۴۶ھ، جمعرات۔

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے