متفرقات

شادی کے موقع پر جہیز کی لعنت اور فضول خرچی کی بابت لوگوں کو بیدار کریں علما: قاضی شہر بانگر،مؤ سید ضیاءالعارفین قادری کی علما و ائمہ مساجد سے اپیل

بانگر/مؤ: 7مارچ، ہماری آواز(یاسرقاسمی) آج میں دور حاضرہ کے بیحد سلگتے ہوئے مسئلہ پر اپنا درد آپ سے بیان کرنا چاہتا ہوں۔ جہیز جیسی کرہناک لعنت سے ہم میں سے بیشتر لوگ دو چار ہیں۔ جہیز سماج کا ناسور بن چکا ہے جس کی جڑیں گہری اور گہری ہوتی چلی جارہی ہے۔ یہ لعنت کسی فرد واحد یا کسی فرقہ و مذہب کی نہیں بلکہ کوئی بھی اس سے اچھوتا نہیں رہ گیا ہے۔ ابھی حال ہی میں صوبہ گجرات کی رہنے والی ایک بیٹی عائشہ کی اسی جہیز نامی لعنت کی ذد میں آنے سے دردناک موت کی خبر نے سبھی کو اندر تک ہلا کر رکھ دیا اور کچھ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ اس سے قبل بھی نہ جانے کتنی عاٸشہ اسی لعنت کی بھینٹ چڑھ چکی ہیں۔ یہ باتیں بانگر مؤ کے قاضی شہر سید ضیاء العارفین نے اپنے ایک تحریری بیان میں کیا انہوں نے کہا آج ہم سبھی کو بلا تفریق مذہب و ملّت سوچنا پڑے گا اور اس لعنت کو ختم کرنے کے لئے عملی اقدامات کرنے ہونگے۔ اپنی بہن و بیٹیوں کی حفاظت کی ٹھوس تدابیر کرنی پڑیں گی۔ صرف زبانی جمع خرچ اور بیان بازی سے اس کو ختم کر پانا قطعاً ناممکن ہے۔ علاوہ ازیں شادی بیاہ کی تقریبات میں فضول خرچی کی کوئی انتہا باقی نہیں رہ گئی ہے۔ ہمارے مذہب اسلام میں انتہائی سادگی کے ساتھ شادی بیاہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ارشاد نبویؐ ہے  نکاح میری سنت ہے اور جس نے میری سنت سے اعراض کیا ترک کیا چھوڑا وہ ہم میں سے نہیں۔ اس حدیث میں حضور اکرمؐ نے نکاح جیسی عظیم سنت کا حکم دیا ہے۔ لیکن آج ہمارے کام اس کے بالکل برخلاف ہیں۔ آج جہیز کا مطالبہ بڑھتا ہی چلا جارہا ہے جہیز میں مروّجہ چیزوں کے علاوہ کثیر مقدار میں زیور-نقدی اور ٹووھیلر و فور وھیلر تک کی ڈمانڈ کی جا رہی ہے۔ ذرا سوچئے کی آج ہم اپنے لڑکے کی شادی میں لڑکی والوں سے جہیز کی مانگ کر رہے ہیں۔ کل ہماری بیٹی کی شادی میں لڑکے والے بھی ہم سے جہیز کی مانگ کریں گے تو ہم پر کیا گزرے گی۔ میں ان فضول خرچی کرنے والے نام نہاد رئیسوں سے کہتا ہوں ذرا شرم کرو اور ان غریبوں کا کچھ خیال کرو۔میری اللہ کے واسطے درخواست ہے کہ ان اسراف بیجا اور فضول خرچی سے باز آجاؤ۔ اور اللہ اس کے حبیب پاکؐ کے فرمان کے مطابق شادی بیاہ جیسی تقریبات کو انجام دیں۔ حضور نبی کریم نے اُس نکاح کو بہتر اور اَحسن فرمایا ہے جس میں خرچ بہت ہی کم ہو۔ میری علماءکرام اور ائمہ مساجد سے مؤدبانہ درخواست ہے کہ وہ اپنی تحریر و تقریر نیز جمعہ میں خطبہ سے قبل اس مسئلہ پر روشنی ڈالیں۔ شادی بیاہ میں جہیز اور فضول خرچی کی بابت لوگوں کو بیدار کرنے اور ان میں شعور پیدا کرنے کی حتی الامکان کوشش کریں۔  سنت کے موافق ہی شادی-بیاہ کریں۔ میری خصوصاً نوجوانوں سے پرزور اپیل ہیکہ اس سلسلہ میں وہ آگے آئیں جہیز نہ لینے اور فضول خرچی کو روکنے کا تہیہ کریں۔ اپنے والدین اور سرپرستوں سے ادب اور منّت و سماجت کے ساتھ جہیز نہ لینے اور کم سے کم خرچ میں نکاح کی ادائیگی کےلئے ان سے التجا کریں۔ میری سبھی حضرات و خواتین سے انتہائی درد مندانہ اپیل ہے کہ شادی-بیاہ میں غیر اسلامی رسومات-جہیز و فضول خرچی کو روکنے کے لئے اپنے طور سے جیسے بھی ہو سے کوشش کریں۔ اس کام کو ایک مشن کے طور سے آگے بڑھائیں۔ آپس میں مشورے کریں۔ اور اس نکاح جیسی عظیم سنت کو اللہ اور اس کے رسول کے احکام کے مطابق ہی انجام دیں۔ اس طرح معاشرہ کو ایک صحیح سمت دیکر دنیا و آخرت میں سرخرو ہونے کے حقدار بنیں۔ میری بارگاہ رب العزت میں التجا ہے کہ اللہ ہم سب کو ہدایت دے۔ سبھی غیر اسلامی و غیر سماجی کاموں سے باز رکھے اور ہمیں امر بالمعروف و نہی عن المنکر پر عمل پیرا ہونے کی توفیق نصیب فرمائے۔

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے