غزل

غزل: یورش درد کی کوئی تسخیر ڈھونڈھ

نتیجۂ فکر: سید اولاد رسول قدسی مصباحی
نیو یارک امریکہ

یورش درد کی کوئی تسخیر ڈھونڈ
امن کے کارواں کے لئے میر ڈھونڈ

کر گزرنے کی تجھ میں ہے قدرت اگر
تیرگی کے محل میں تو تنویر ڈھونڈ

کاٹ کر رکھ دے جو گردن کذب کو
صدق و اخلاص کی ایسی شمشیر ڈھونڈ

تلخ باتوں میں تیری رہے چاشنی
یوں زباں کے لئے شہدتا شیر ڈھونڈ

جس سے کایا پلٹ جائے افکار کی
انقلاب آفریں ایسی تحریر ڈھونڈ

روئے اسلاف جس میں ہو جلوہ طراز
آئینے میں تو اپنی وہ تصویر ڈھونڈ

ہوں اثر آفرینی پہ الفاظ گم
بزم میں ایسا انداز تقریر ڈھونڈ

پرورش میں تری رہ نہ جائے کمی
بہرِ اطفال تادیب کا شیر ڈھونڈ

سینۂ ظلم پر سیدھے جا کر لگے
قدسی ایسا نکیلا کوئ تیر ڈھونڈ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے