ہردوئی: 28 مارچ، ہماری آواز(یاسر قاسمی)
گزشتہ شب مدرسہ تعلیم القران موضع موئی مسلمانان میں ایک دینی و اصلاحی جلسہ منعقد ہوا۔
بعد نماز مغرب منعقدہ جلسے میں حضرت محی السنۃ رح کے خلیفہ اور مدرسہ اشرف المدارس ہردوئی کے شیخ الحدیث مولانا شاہ افضال الرحمٰن قاسمی نے اپنے مختصر و جامع خطاب میں حاضرین کو زندگی کے تمام شعبوں میں اتباع سنت کی خاص نصیحت کی، مولانا نے کہاہماری ہر سانس اللہ کی عظیم نعمت ہے، سانس کا اندر جانا نعمت اور سانس کا باہر آنا نعمت، دونوں جہان میں کامیابی کا راز اتباع سنت ہے، عبادات، معاملات، اخلاق اور معاشرت غرض زندگی کے ہر شعبے میں نبی علیہ الصلاۃ والسلام کی تعلیمات وہدایات پر عمل پیرا ہو کر ہی نجات ممکن ہے، نصیحت کرتے ہوئے کہا ہر اچھے کام کا آغاز بسم اللہ سے کرنے کی عادت ڈالیں ،گھر میں داخل ہوں تو بسم اللہ کہیں اور سلام کرکے داخل ہوں، مسجد میں داخل ہونے سے پہلے بسم اللہ کہیں، نبی کریم علیہ السلام پر درود پڑھیں، دعا پڑھیں، داہنا پیر پہلے داخل کریں اور اعتکاف کی نیت کریں، مولانا نے کہا کلام الٰہی کے مطابق اللہ تعالی سے محبت کا انحصار اتباع رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر ہے، اسکے بغیر محبت الہی متصور نہیں۔ جلسے کا آغاز قاری محمد نعمان کی تلاوت کلام اللہ و نعتیہ اشعار سے ہوا، صدارت مدرسے کے ناظم مولانا نصرت علی اور نظامت مولانا محمد لقمان نے کی، منتظم حافظ محمد سلطان نے اظہار تشکر کیا، مفتی بلال احمد قاسمی، مولانا لئیق الرحمن ندوی، مولانا محمد یامین مظاہری، مولانا مہدی حسن، مولانا محمد ندیم، مولانا محمد وکیل جمالی اور حافظ محمد اسامہ ودیگر نے جلسے میں شرکت کی۔