حدیث پاک مذہبی مضامین

فضائلِ نماز احادیث کی روشنی میں

مرتب: (مولانا) محمد عبدالمبین نعمانی قادری
ترسیل: نوری مشن،اعلٰی حضرت ریسرچ سینٹر مالیگاؤں

ایمان و عقیدہ صحیح کر لینے کے بعد مسلمانوں پر سب فرضوں سے اہم فرض اور تمام عبادتوں میں بڑی عبادت نماز ہے، قرآن پاک اور احادیث طیبہ میں سب سے زیادہ اسی کی تاکید آئی ہے اور اس کے چھوڑنے پر سخت عذاب اور شدید وعیدیں وارد ہوئی ہیں۔ ذیل میں اس سلسلے کی چند حدیثیں ذکر کی جاتی ہیں کہ مسلمان اپنے آقا پیارے مصطفیٰ رسولِ خدا صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے ارشادات سنیں، عمل کریں اور دوسروں کو عمل کی ترغیب دیں اللہ تعالیٰ عمل کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(۱) رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں: اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے:
۱- اس امر کی شہادت دینا کہ اللہ کے سوا کوئی سچا معبود نہیں اور محمد مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم اس کے رسول ہیں۔ اور ۲- نماز قائم رکھنا اور ۳- زکوٰۃ دینا اور ۴- حج کرنا اور ۵- ماہ رمضان کا روزہ رکھنا۔ (صحیح بخاری شریف :۱/۶ کتاب الایمان)
(۲) عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیںکہ میں نے حضور اعلیٰ صلے اللہ تعالیٰ علیہ وسلم سے پوچھا، اعمال میں اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے زیادہ محبوب کیا ہے؟ فرمایا: نماز وقت کے اندر ۔ میں نے عرض کیا پھر کیا؟ فرمایا والدین کے ساتھ نیک سلوک۔ عرض کیا پھر کیا؟ فرمایا: راہِ خدا میں جہاد (بخاری: ۱/۷۶ فصل الصلوٰۃ لوقتہا)
(۳)رحمۃ للعالمین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا! بتائو تو کسی کے دروازے پر نہر ہو اور وہ اُس میں ہر روز پانچ بار غسل کرے، کیا اس کے بدن پر میل رہ جائے گا؟ صحابہ نے عرض کیا: اس کے بدن پر کچھ باقی نہ رہے گا، فرمایا: یہی مثال پانچوں نمازوں کی ہے کہ اﷲ تعالیٰ ان کے سبب خطاؤں کو مٹا دیتا ہے۔ (بخاری شریف :۱/۷۶ باب الصلوات الخمس)
(۴) نبی اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم جاڑے میں باہر تشریف لے گئے، پت جھڑ کا زمانہ تھادو ٹہنیاں پکڑلیں، پتے گرنے لگے، فرمایا: اے ابوذر! عرض کیا لبیک یا رسول اللہ ! فرمایا مسلمان بندہ اللہ تعالیٰ کے لیے نماز پڑھتا ہے تو اس سے گناہ ایسے ہی گرتے ہیں جیسے اس درخت سے پتے۔ (ابوداؤد شریف :بحوالہ مشکوٰۃ شریف ص۵۰)
(۵) رسول اعظم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: جب عورت اپنی پانچوں نمازیں پڑھے اور اپنے (رمضان کے) مہینے کا روزہ رکھے اور اپنی شرم گاہ کی حفاظت کرے اور اپنے شوہر کی اطاعت کرے تو وہ جنت کے جس دروازے سے چاہے داخل ہو جائے۔ (ابو نُعَیْم، مشکوٰۃ: ص ۲۸۱ باب عشرۃ النساء)
(۶) مختار دو عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تمہارے بچے سات سال کے ہوں تو انھیں نماز کا حکم دو اور جب دس برس کے ہو جائیں تو مار کر پڑھاؤ اور ان کے درمیان ان کی خواب گاہوں کو جدا کر دو۔ (ابوداؤد، مشکوٰۃ :ص ۵۸ کتاب الصلوٰۃ)
(۷) حضور جان نور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: پانچ نمازیں اللہ تعالیٰ نے بندوں پر فرض کیں، جس نے اچھی طرح وضو کیا اور وقت میں ادا کیا اور رکوع و خشوع کو پورا کیا تو اس کے لیے اللہ تعالیٰ نے اپنے ذمۂ کرم پر عہد کر لیا ہے کہ اسے بخش دے، اور جس نے نہ کیا اس کے لیے عہد نہیں، چاہے بخش دے، چاہے عذاب کرے۔ (امام احمد، مشکوٰۃ :ص ۵۸)
(۸) محبوبِ خدا صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے حجۃ ُ الوداع میں خطبہ دیتے ہوئے ارشاد فرمایا: اپنے رب سے ڈرو اور اپنی پانچوں نمازیں پڑھو اور اپنے ماہ رمضان کا روزہ رکھو، اور اپنے مالوں کی زکوٰۃ ادا کرو، اور اپنے اولوالامر (حکّامِ شرع) کی اطاعت کرو، اپنے رب کی جنت میں داخل ہو جائو۔ (جامع ترمذی شریف : ج ۱/۷۸ فضل الصلوٰۃ)
(۹) حضور پُر نور صلی اللہ تعالیٰ علیہوسلم نے فرمایا: قصداً نماز ترک نہ کرو کہ جو قصداً نماز ترک کرتا ہے، اللہ و رسول اس سے بریُّ الذّمہ ہیں۔(امام احمد، مشکوٰۃ :ص ۵۹)
(۱۰) رحمت عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے نماز پر محافظت (پابندی) کی، قیامت کے دن وہ نماز اس کے لیے نور و دلیل اور نجات ہوگی۔ اور جس نے نماز پر محافظت نہ کی اس کے لیے نہ نور ہے نہ دلیل اور نہ نجات اور قیامت کے دن قارون و فرعون و ہامان اور اُبی بن خلف (مشہور مشرک) کے ساتھ ہوگا۔ (امام احمد، دارمی، بیہقی، مشکوٰۃ :ص ۵۹)
(۱۱) فاروق اعظم حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے حکام کے پاس فرمان بھیجاکہ تمہارے سب کاموں میں اہم میرے نزدیک نماز ہے جس نے اس کی حفاظت کی اور ہمیشگی برتی اس نے اپنا دین محفوظ رکھا اور جس نے اسے ضائع کیا وہ اوروں کو بدرجۂ اولیٰ ضائع کرے گا۔
(بخاری، مسلم، مشکوٰۃ : ص ۵۹ باب المواقیت)
مسئلہ : ہر مکلف یعنی عاقل بالغ پر نماز فرض عین ہے، اس کی فرضیت کا منکر کافر ہے اور جو قصداً چھوڑے اگرچہ ایک ہی وقت کی، وہ فاسق ہیںاور مستحقِ سزا ہے۔
نوٹ: نماز کے تفصیلی مسائل کے لیے بہارِ شریعت سوم، انوار نماز، مومن کی نماز، احکام نماز، مسائل نماز کا مطالعہ کریں

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے