ازقلم: کمال احمد علیمی نظامی جامعہ علیمیہ جمدا شاہی بستی
آج محب مکرم حضرت مولانا محمد طاہر القادری صاحب استاذ دارالعلوم غوثیہ نظامیہ حسنی بستی نے تحریری طور پر ایک عظیم خوش خبری دی کہ نبیرہ حضور خطیب البراھین حضرت علامہ صوفی محمد نظام الدین صاحب علیہ الرحمہ ،خلیفہ حضرت حبيب العلما، حضرت علامہ صوفی محمد سعید نظامی صاحب دامت برکاتھم کی سرپرستی میں خطیب البراھین ایجوکیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کا قیام عمل میں آچکا ہے،قلبی مسرت حاصل ہوئی، دل سے دعا نکلی، اللہ جل شانہ اس نیک اقدام کو شرف قبولیت بخشے.
عصر حاضر میں جب کہ بڑے بڑے جلسے جلوس، رنگا رنگ تقریبات، نمائشی مجالس ومحافل کی کثرت ہوتی جا رہی ہے، زمینی حقائق سے چشم پوشی کرکے اسٹیجوں سے ہوائی فائرنگ کی جارہی ہے، قوم کو لوٹ کر اپنی تجوریاں بھری جارہی ہیں، پیشہ ور خطبا وشعرا تبلیغ ودعوت کے بجائے تحصیل شہرت و ثروت میں لگے ہوئے ہیں، ایسے میں ضرورت تھی کہ ملت اسلامیہ کی فلاح وبہبود،دعوت و تبلیغ,ضرورت مند غریب عوام کی امداد واعانت، مسلک حق مسلک اعلی حضرت کی نشرواشاعت ،مساجد ومعاہد اور مقابر کی حفاظت وصیانت،اور عوام اہل سنت کو نماز روزہ کی دعوت،دینی تعلیم اور پیغام حضور خطیب البراھین کی تشہیر واشاعت کے لیے کسی ایسی متحرک، فعال اور صالح تنظیم کی جو مذکورہ مقاصد کی تکمیل کرے اور اخلاص وایثار کے ساتھ بغیر کسی حرص وطمع کے دینی خدمات انجام دے.
خدا بھلا کرے نبیرہ خطیب البراھین حضرت مولانا صوفی محمد سعید نظامی صاحب دامت برکاتھم کا جنھوں نے اس میدان میں پہل کی اور اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے محض رضاے الہی کے حصول کے لیے خطیب البراھین ایجوکیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کی داغ بیل ڈالی، آج حضرت کی سرپرستی میں متعدد جگہوں پر دعوتی کام کا آغاز ہوچکا ہے، فی سبیل اللہ بغیر کھانے اور نذرانے کے چھوٹے چھوٹے گاؤں اور آبادیوں میں جاکر لوگوں کو نماز روزہ کی تلقین کرتے ہیں، دعوت دین کے لیے دعوت کا انتظار نہیں کر رہے ہیں، گاؤں گاؤں شریعت وسنت کی خوشبو پھیلا رہے ہیں، سنت رسول سے عوام اہل سنت کو روشناس کرا رہے ہیں،خطیب البراھین کے مشن کی تکمیل کررہے ہیں، غریب ونادار عوام کی خدمت کررہے ہیں، ان کی ضروریات پوری کرکے انہیں دین کی طرف مائل کررہے ہیں، مساجد اہل سنت سے غیروں کو بھگا کر ان پر سنیت کا علم لہرا رہے ہیں، غریب بچے اوربچیوں کو مفت میں زیور علم سے آراستہ کررہے ہیں.
اہل سنت وجماعت کے یہاں ٹرسٹ اور تنظیمیں بہت قائم ہیں مگر زمینی سطح پر جس طرح سے یہ ٹرسٹ کام کررہا ہے اس کی نظیر نہیں ملتی، حضرت مولانا محمد سعید نظامی صاحب قبلہ، اپنے دست راست محب محترم حضرت مولانا طاہر القادری صاحب، حضرت مولانا زین العابدین علیمی صاحب اور دیگر رفقاے کار کے ساتھ، حسنی، اور قرب وجوار ہی نہیں پورے ضلع بستی میں جہاں بھی دعوت و تبلیغ کی ضرورت محسوس کرتے ہیں وہاں اپنے خرچ سے جاتے ہیں، مختصر سا پروگرام ہوتا، وہاں کے مذہبی ماحول کا جائزہ لے کر حسب حاجت اقدام کرتے ہیں،غریبوں کی خبر گیری اور امیروں کی اصلاح کرتے ہیں، حیثیت کے مطابق محدود وسائل کے ساتھ رفاہی کام کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے حضرت نبیرہ خطیب البراھین کی زبان میں غضب کی تاثیر اورشیرینی ودیعت کی ہے، جہاں جاتے ہیں مسجدیں آباد ہوجاتی ہیں ، غریب نہال ہوجاتے ہیں، لوگوں کو یہ احساس ہوتا ہے کہ خطیب البراھین کی روحانیت آج بھی زندہ ہے، ان کا فیض آج بھی جاری ہے، ان کی عنایات کا ابر کرم آج بھی برس رہا ہے.
اس عظیم الشان تحریک کے سالاروں میں حضرت مولانا طاہر القادری صاحب قبلہ اورمولانا زین العابدین علیمی صاحب قبلہ پیش پیش ہیں، کچھ دیگر اہل علم حضرات بھی اس کاروان شوق کا حصہ ہیں،بلاشبہ اس ٹرسٹ اور پوری ٹیم کو مرشد برحق تاج الاصفیا حضور خطیب البراہین حضرت علامہ الحاج الشاہ صوفی مفتی محمد نظام الدین رضوی علیہ الرحمہ کی روحانی سرپرستی اورحضور حبیب العلما حضرت علامہ صوفی محمد حبيب الرحمن زیب سجادہ خانقاہ عالیہ قادریہ نظامیہ کی عنایت حاصل ہے، یہ چند نفری قافلہ آپ ہی دونوں بزرگوں کی نگاہ عنایت کی خیرات بانٹ رہا ہے، اللہ تعالیٰ ہم سب کو ان کے فیوض وبرکات سے سرفراز فرمائے .
میں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ان دیوان گان عشق رسالت کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کرتا ہوں، اور عوام اہل سنت سے پر خلوص گزارش کرتا ہوں کہ اس تحریک کا حصہ بنیں، نبیرہ خطیب البراھین کی قیادت میں اس دینی کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں.
نہ اُٹھّا پھر کوئی رومیؔ عجم کے لالہزاروں سے
وہی آب و گِلِ ایراں، وہی تبریز ہے ساقی
نہیں ہے ناامید اقبال اپنی کشتِ ویراں سے
ذر ا نم ہو تو یہ مٹی بڑی ذرخیز ہے ساقی.