محمد نفیس القادری امجدی
مدیر اعلی سہ ماہی عرفان رضا
و استاذ جامعہ قادریہ مدینۃ العلوم گلڑیامعافی مرادآباد، یوپی، الھند
موبائل نمبر 8923604732
کوئی گل باقی رہے گا نہ چمن رہ جائے گا
پر رسول اللہ کا دین حسن رہ جائے گا
آہ افسوس!
نمونہ اسلاف، حضرت علامہ مولانا محمد یامین نعیمی اشرفی صاحب قبلہ رحمہ اللہ تعالی مہتمم جامعہ نعیمیہ مرادآباد (متولد 27 جولائی 1939) اب ہمارے درمیان نہ رہے، پہلے یہ خبر برکات رضا گروپ میں مولانا ناظرالقادری مصباحی صاحب مدیر اعزازی سہ ماہی عرفان رضا و استاذ جامعہ قادریہ مجیدیہ بشیر العلوم بھوجپور کے ذریعے موصول ہوئی، پھر صبح میں مولانا عظمت نعیمی صاحب نے فون کرکے بتایا کہ آج 28شعبان المعظم 1442ھ مطابق 11 اپریل 2021ء شب میں 12:54 پر حضرت 82 سال کی عمر میں اس دار فانی سے دارآخرت کی طرف روانہ ہوگئے۔
اِنّا لِلّہ واِنّااِلیہِ راجِعو٘ن
اس عظیم سانحے سے ہر طرف رنج و غم کی لہر ہے ،ایک ایسی علمی و دینی شخصیت جوبہترین عالم دین اور عمدہ مدرس تھے ، عرصہ دراز سے جامعہ نعیمیہ سے وابستہ رہے،
ان کا وصال اہل سنت کے لئے عظیم ترین خسارہ ہے۔
مولانا عظمت نعیمی صاحب کے ساتھ مہتمم صاحب رحمہ اللہ تعالی سے متعدد بار شرف ملاقات حاصل ہوا، حضرت بڑے خوش مزاج ، ملنسار ،متواضع طبیعت کے مالک تھے ، چھوٹوں پر شفقت اور حوصلہ افزائی فرماتے،جن طلبہ نے بعد فراغت قلمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ان سے بہت محبت و شفقت فرماتے کتابوں کی شکل میں تحائف دے کرحوصلہ افزائی فرماتے ، طلبہ کی تعلیم کے لیے فکر مند رہتے تھے ، چالیس سال تک بحیثیت مہتمم جامعہ کی خدمات انجام دیں،جامعہ کی جو جائداد غیروں کے قبضے میں تھیں ان کو جامعہ کے قبضے میں واپس لیا،آپ صوم و صلوۃ کے پابند تھے،دین و سنیت اور جامعہ کے لئے اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ راہ خدا میں آپ نے صرف کیا۔
اور آپ نے حضور صدر الافاضل کی قائم کردہ علمی درسگاہ جامعہ نعیمیہ مرادآباد،یوپی،انڈیا سے1961 میں تاج فضیلت حاصل کیا۔اور آپ 1973 سے تا حیات بحیثیت مدرس ونائب مہتمم ومہتمم جامعہ نعیمیہ مراداباد میں خدمات انجام دیتے رہے۔
واقعی حضرت کی تدریسی و تنظیمی خدمات لائق صد تحسین و تبریک ہیں۔
آپ کی نماز جنازہ سنبھل میں حضرت فقیہ عصر مفتی محمد سلیمان نعیمی برکاتی صاحب نے پڑھائی ،جنازے میں کثیر علمائے کرام ومشائخ عظام شریک رہے
اللہ رب العزت جل جلالہ اپنے پیارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے حضرت کو غریق رحمت فرمائے ،اللہ رب العزت جل جلالہ جنت الفردوس میں اعلی سے اعلی مقام عطا فرمائے، ان کے معتقدین و تلامذہ اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
اٰمین بجاہ النبی الکریم علیہ التحیۃ والتسلیم۔