نتیجۂ فکر: اشرف رضا قادری
چھتیس گڑھ
لختِ قلبِ مصطفیٰ خاتونِ جنت آپ ہیں
زوجۂ مشکل کشا خاتونِ جنت آپ ہیں
مصطفیٰ کی پیاری بیٹی ، والدہ حسنین کی
نورِ احمد کی ضیا خاتونِ جنت آپ ہیں
ربِّ اکبر کی عبادت میں گذاری زندگی
عابدہ و زاہدہ خاتونِ جنت آپ ہیں
ذکرِ حق میں آپ رہتی تھیں سدا رطب اللسان
ساجدہ و ذاکرہ خاتونِ جنت آپ ہیں
فاقہ سہہ کر بھی خدا کا شکر کرتی تھیں ادا
صابرہ و شاکرہ خاتونِ جنت آپ ہیں
آگہی کی بھیک لیتی ہیں جہاں کی عورتیں
عاقلہ و عارفہ خاتونِ جنت آپ ہیں
آپ کے گھر سے ہے پھیلی علم و حکمت کی ضیا
عالمہ و فاضلہ خاتونِ جنت آپ ہیں
بامروّت ، باحیا و جوہرِ حسنِ عمل
زیبِ بزمِ اتّقا خاتونِ جنت آپ ہیں
آپ کا آنچل نہ دیکھا مہر و مہ نے آج تک
پارسائی کی ردا خاتونِ جنت آپ ہیں
منقبت کرتا ہے اشرف ختم بس اس بات پر
عفت و عصمت فزا خاتونِ جنت آپ ہیں