گونڈہ/ 17 اپریل 2021 بروز سنیچر کو خلیفہ حضور طاہر ملت حضرت علامہ مفتی محمداسرار احمد فیضی واحدی مدظلہ العالی، صدر رضا اکیڈمی ضلع گونڈہ، یوپی نے پریس ریلیز کرکے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید اور رسول اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت و تعلیمات نے ہمیں سکھایا ہے کہ سب سے اچھا اور بہترین انسان وہ ہے جو دوسروں کو فائدہ پہنچائے اورکسی کو تکلیف نہ دے۔غریبوں ،مسکینوں اور عام لوگوں کے دلوں میں خوشیاں بھرے، ان کی زندگی کے لمحات کو رنج وغم سے پاک کرنے کو کوشش کرے ،چند لمحوں کیلئے ہی سہی، انہیں فرحت ومسرت اورشادمانی فراہم کرکے ان کے درد والم اورحزن وملال کو ہلکا کرے۔ انہیں اگر مدد کی ضرورت ہوتو ان کی مدد کرے اوراگر وہ کچھ نہ کرسکتاہو تو کم ازکم ان کے ساتھ میٹھی بات کر کے ہی ان کے تفکرات کو دور کرے۔ اللہ کے پیارے حبیب صلہ اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے بہترین انسان وہ ہے جودوسرے انسانوں کے لئے نافع ومفید ہو۔جب انسان کسی انسان کی مدد وحاجت روائی کرتاہے تو فطری طور پر دونوں کے درمیان اخوت وبھائی چارگی کے جذبات پیدا ہوتے اورالفت ومحبت پروان چڑھنے لگتے ہیں۔رسول گرامی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد پاک ہے اس ذات کی قسم جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے ،تم میں سے کوئی بھی مومن نہیں ہوسکتا یہاں تک کہ اپنے دوسرے بھائیوں کیلئے وہی پسند کرے جو اپنے لئے پسند کرتاہے۔
مزید آپ نے کہا کہ جس طرح رمضان کے مہینے میں فرض نمازوں کے علاوہ نفل نمازوں کاخاص اہتمام کیا جاتاہے اسی طرح فرض زکوٰۃ کے علاوہ نفلی صدقات و خیرات کا بھی اہتمام کرناچاہئے۔ اس لئے کہ اس مہینے میں نفل عبادتوں کاثواب عام دنوں کی فرض عبادتوں کے برابر اﷲ تعالیٰ عطا کرتاہے۔اس لیے ضرورت مندوں اورحاجت مندوں کی امداد کریں، بے لباسوں کو کپڑے پہنائیں،بھوکوں کو کھانا کھلائیں ، یتیموں، بیواؤں ، مسکینوں اور محتاجوں کی خبرگیری کریں،روزانہ اپنی حیثیت کے مطابق کچھ ضرورت مند روزے داروں کو افطار کرانے کامعمول بنائیں۔روزہ داروں کو افطارکرانے کی بڑی فضیلت احادیث میں وارد ہوئی ہے، خواہ ایک کھجور یا ایک گلاس پانی ہی سے روزے دار کو افطارکرادیا جائے، بہت سے لوگ ایسے ہوتے ہیں جوضرورت مند ہوتے ہیں، شرم وحیا کی وجہ سے کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے ایسے لوگوں کے بارے میں معلوم کر کے ان کی مدد کرنی چاہئے،قرآن کریم او ر احادیث میں ایسے لوگوں کی مدد کرنے کی بڑی فضیلت وارد ہوئی ہے۔