ازقلم: محمد شفاءالمصطفیٰ شفا مصباحی
اللہ رب العزت کا واضح فرمان ہے:
﴿ ولَنْ تَرْضٰى عَنْكَ الْیَهُوْدُ وَ لَا النَّصٰرٰى حَتّٰى تَتَّبِعَ مِلَّتَهُمْؕ﴾[ البقرۃ: ١٢٠]
اور یہودی اور عیسائی ہرگز آپ سے راضی نہ ہوں گے جب تک آپ ان کے دین کی پیروی نہ کرلیں۔
اس آیت سے یہ بھی سمجھ آتا ہے کہ کفار بحیثیتِ مجموعی مسلمانوں سے کبھی راضی نہیں ہوسکتے اگرچہ ظاہری طور پر کبھی حالات مختلف ہوجائیں۔ افسوس کہ ہزاروں تجربات کے بعد بھی مسلمان سبق نہیں سیکھتے۔ (تفسیر صراط الجنان)
کیا آئے دن اس طرح کے اسلام مخالف غیر مہذب اور دل خراش واقعات و واردات ہماری آنکھیں کھولنے کے لیے کافی نہیں! آئے دن ہمارے شعائر و مقدسات پر شب خون مارا جا رہا ہے مگر ہم پھر بھی حکمت و مصلحت کا جھوٹا سہارا لے کر اغیار و مخالفین کو خوش کرنے کے چکر میں لگے ہیں۔ یاد رکھیں! ان کو خوش کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ آپ ان کے دین و مذہب کی پیروی کریں۔ خدارا! اس غلط فہمی میں مبتلا ہو کر اغیار کے تلوے چاٹنے سے باز آ جائیں اور اپنے شعائر و مقدسات کے تحفظ و بقا کے لیے اپنی آوازیں بلند کریں۔
اے بے جان اشیا میں روح ڈالنے والے قادر مطلق! امت مسلمہ کے خوابیدہ جذبات کو پھر سے بر انگیختہ کردے اور ان کی غیرتِ ایمانی کو پھر سے بیدار فرما دے۔ آمین ثم آمین