نتیجہ فکر: محمد زاہدرضا بنارسی
اللٰہ اللٰہ کون جانے آپ کی عظمت خلیل
آپ کی خاطر بدل دی آگ نے فطرت خلیل
سر کٹانے کے لئے فرزند راضی ہوگئے
راہِ حق میں آپ کو آئی نہ کچھ دقت خلیل
ان کو ہی توفیقِ قربانی ملے گی بالیقیں
جو ادا کرتے رہیں گے آ پ کی سنت خلیل
آپ کی ہمت پہ ہے تاریخِ اسلامی کو ناز
آپ ہیں دینِ نبی کی شان اور شوکت خلیل
آپ کے فرزند کی ایڑی کو زمزم مل گیا
جب ہوئی محسوس ان کوپیاس کی شدت خلیل
وقت کا نمرود پھر ہے جان کے پیچھے پڑا
دیجئے پھر ہم کو اپنا جذبہ و قوت خلیل
اپنے چھوٹے منھ سے” زاہد” کیسے بولے آپ پر
جب خدا خود کر رہا ہو آپ کی مدحت خلیل