نتیجۂ فکر: محمد جیش خان نوری امجدی، مہراجگنج یوپی
خالقِ کونین کا چرچا کریں رمضان میں
ہوں گی حاصل آپ کو بھی برکتیں رمضان میں
کیا امیری کیا غریبی کچھ پتہ چلتا نہیں
اس قدر نازل ہوئی ہیں برکتیں رمضان میں
رکھتے ہیں روزہ سبھی بچے جواں ہو یا ضعیف
اس لئے دکھتی ہیں ہرسو رونقیں رمضان میں
روزے رکھو تیس پورے اور نمازیں بھی پڑھو
ڈھانپ لیں گی تم کو رب کی رحمتیں رمضان میں
چاہتے ہو نیکیوں میں گر اضافہ تو سنو
روزے داروں کو کھلانا دعوتیں رمضان میں
جو کوئی اس ماہ کا دل سے کرےگا احترام
خوب ہوں گی اس کو حاصل عزتیں رمضان میں
صدقہء حسنین میں سرکار ہو مجھ پر کرم
شہر طیبہ میری آنکھیں دیکھ لیں رمضان میں
پوری کردے گا خدا بہرِ شہِ کون و مکاں
ہیں جو تیرے دل کی نوری حسرتیں رمضان میں