تحریر قطب الدین احمد قادری
اہلسنت و جماعت کے نزدیک : تعزیہ بنانا ، تعزیہ کا تماشہ دیکھنا ، اس پر چڑھاوے چڑھانا وغیرہ کی شرعی حیثیت ۔ ( فتاویٰ رضویہ کی روشنی میں )
(۱) تعزیہ بنانا کیسا ہے ؟
اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان محدث بریلوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ تعزیہ رائجہ بدعت و ناجائز ہے اور اس کا بنانا گناہ ومعصیت اور اس کی تعظیم بدعت و جہالت ہے (فتاویٰ رضویہ جلد 24، ص 500، مطبوعہ رضافاؤنڈیشن لاہور)
(۲) تعزیہ داری میں تماشا دیکھنا کیسا ہے؟
اعلیٰ حضرت امام اہلسنت امام احمد رضا خان محدث بریلوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ چونکہ تعزیہ بنانا ناجائز ہے، لہذا ناجائز بات کا تماشا دیکھنا بھی ناجائز ہے (ملفوظات شریف) مصنوعی کربلاکوجانا عورتوں کا تعزیہ دیکھنے کے لیے نکلنا یہ سب باتیں حرام و گناہ و ناجائز ومنع ہیں۔(فتاویٰ رضویہ جلد 24 ص، 498 مطبوعہ رضافاؤنڈیشن لاہور)
(۳) تعزیہ پر منت ماننا کیسا ہے؟
اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان محدث بریلوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ تعزیہ پر منت ماننا باطل اور ناجائز ہے (فتاویٰ رضویہ جلد 24، ص 501، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن لاہور)
(۴) تعزیہ پر چڑھاوا چڑھانا اور اس کا کھانا کیسا ہے؟
اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان محدث بریلوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ تعزیہ پر چڑھاوا چڑھانا ناجائز ہے اور پھر اس چڑھاوے کو کھانا بھی ناجائز ہے اور اگر وہ یہ کہتا ہے کہ تعزیہ کا چڑھا ہوا سمجھ کر نہیں بلکہ امام عالی مقام کی نیاز سمجھ کر کھاتا ہوں تو یہ قول غلط اور بہودہ ہے تعزیہ پر چڑھانے سے امام عالی مقام کی نیاز نہیں ہوتی اور اگر فاتحہ دلا کر چڑھائے تبھی کھانے سے بچنا چاہیے (فتاویٰ رضویہ، جلد 21، ص 246، جلد 24 ص،524،مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن لاہور)
(۵) تعزیہ داری میں چندہ دینا کیسا ہے
تعزیہ داری میں کسی قسم کی امداد جائز نہیں امداد کرنے والا بھی گناہ گار ہوگا)(قال اللہ تعالیٰ ولاتعاونوا علی الاثم والعدوان ) اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا گناہ اور زیادتی کے معاملات میں ایک دوسرے کی مددنہ کیا کرو۔ (از: فتاویٰ رضویہ جلد 24 ص 506، مطبوعہ رضا رضافاؤنڈیشن لاہور)
(۶) محرم الحرام میں ناجائز رسومات*
اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان محدث بریلوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ محرم الحرام کے ابتدائی 10 دنوں میں روٹی نہ پکانا، گھر میں جھاڑو نہ دینا، پرانے کپڑے نہ اتارنا (یعنی صاف ستھرے کپڑے نہ پہننا) سوائے امام حسن و حسین رضی اﷲ عنہما کے کسی اور کی فاتحہ نہ دینا اور مہندی نکالنا، یہ تمام باتیں جہالت
پر مبنی ہیں ہر مہینہ ہر تاریخ کو ہر ولی کی نیاز اور ہر مسلمان کی فاتحہ ہوسکتی ہے (فتاویٰ رضویہ ، جلد 24، ص 488 ، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن،
لاہور)
(۷) محرم الحرام میں سیاہ ،سبز،سرخ ، لباس پہننا کیسا ہے؟
اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان محدث بریلوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ محرم الحرام میں (خصوصاً یکم تا دس محرم الحرام) میں تین رنگ کے لباس نہ پہنے جائیں، سبز رنگ کا لباس نہ پہنا جائے کہ یہ تعزیہ داروں کا طریقہ ہے۔ لال رنگ کا لباس نہ پہنا جائے کہ یہ اہل بیت سے عداوت رکھنے والوں کا طریقہ ہے اور کالے کپڑے نہ پہنے جائیں کہ یہ رافضیوں کا طریقہ ہے، لہذا مسلمانوں کو اس سے بچنا چاہئے ( فتاوی رضویہ جلد 24 ،ص،496 ) (احکام شریعت)
(۸) عاشورہ کا میلہ دیکھنا کیسا ہے؟
اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان محدث بریلوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ عاشورہ کا میلہ لغو و لہو و ممنوع ہے۔ یونہی تعزیوں کا دفن جس طور پر ہوتاہے، نیت باطلہ پر مبنی اور تعظیم بدعت ہے اور تعزیہ پر فاتحہ جہل و حمق و بے معنیٰ ہے۔
. (فتاویٰ رضویہ جلد 24، ص 501، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن لاہور)
(۹) تعزیہ کے سامنے رکھ کر فاتحہ کرنا کیسا ہے؟
اعلی حضرت امام احمد رضا خان محدث بریلوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ تعزیہ پر رکھ کر یا اس کے سامنے فاتحہ کرنا جہالت ہے اور اس پر چڑھانے کے سبب تبرک سمجھنا حماقت ہے(فتاویٰ رضویہ جلد 24 ص، 498 مطبوعہ رضافاؤنڈیشن لاہور)
(۱۰) محرم الحرام میں شادی کرنا کیسا ہے؟
اعلی حضرت امام احمد رضا خان محدث بریلوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ محرم میں شادی کرنا جائز ہے۔ محرم میں نہ کرنے کی وجہ سوگ ہے اور سوگ حرام ہے ۔ (فتاویٰ رضویہ جلد 24 ص، 488 مطبوعہ رضافاؤنڈیشن لاہور) واللہ اعلم
حریص فیض حسینی۔۔ قطب الدین احمد قادری اسماعیلی تلسی پوری۔ رکن انجمن ضیائے گلزار ملت یوپی۔