ازقلم: اسانغنی مشتاق رفیقی
وانم باڑی، تمل ناڈو
۞تریپورہ میں مسلم بھائیوں پر ظلم ہو رہا ہے،تشدد کرنے والے ہندو نہیں ڈھونگی ہیں۔۔۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی
اتنا کافی نہیں ہے راہل جی! جب تک آپ اور آپ کی پارٹی اقلیتوں اور ہندوتو۱کے سلسلے میں ایک واضح موقف اختیار نہیں کرے گی، ایسی خالی بیان بازی سے کچھ نہیں ہونے والا۔
٭اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے لئے پہلی شرط فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔۔۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان
عوامی سطح پربظاہرگزشتہ ستر سالوں سے سعودیوں کا یہی موقف ہے۔ لیکن ان کے پڑوسیوں نے اپنا موقف تبدیل کر کے اسرائیل سے تعلقات قائم کر لی ہے کیونکہ انہیں پتہ چل چکا ہے کہ موجودہ حالات میں فلسطینی ریاست کا قیام ناممکنات سے ہیں، دیکھنا سعودیوں کو کب اس کا کشف ہوتا ہے۔
٭یوپی میں خواتین کے لئے چالیس فیصدی سیٹوں کا اعلان، پرینکا گاندھی کا اب تک کا سب سے بڑا سیاسی داؤ کتنا کارگر ہوگا؟کیا خواتین کے ووٹ سے وزیر اعلیٰ بنیں گی پرینکا گاندھی؟۔۔۔ ایک سوال
سیاست میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہے، لیکن جب مد مقابل بی جے پی جیسی پارٹی ہے تو یہ بات اتنا ُسان نہیں ہے۔ پرینکا گاندھی اور ان کی پارٹی سخت محنت کر کے اپنی امیج کا جو بت کھڑا کر ے گی اس کو بی جے پی ایک ہندو توا کا کارڈ کھیل کر منٹوں میں زمین بوس کر سکتی ہے۔
٭سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ٹروتھ سوشل“ کے آغاز کا اعلان کیا۔۔۔ ایک خبر
کیا کریں گے بیچارے!! تمام سوشل میڈیا والوں نے ان کا بائیکاٹ جو کر رکھا ہے۔ لیکن اتنا یاد رہے مستقبل میں کبھی وہ امریکہ کا صدارتی ایلکشن جیت گئے تو ان کا سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ہی امریکہ کا آفیشیل سوشل میڈیا ہوگا۔
٭مسلمانان ہند مشتعل ہونے اور خوامخواہ رد عمل کے اظہار سے بچیں۔۔۔ ایک گذارش!
مسلمانان ہند کو مشتعل ہونے اور خوامخواہ رد عمل کا اظہار کرنے کے سوا آتا کیا ہے، اگر انہیں اس سے بھی روک دیا جائے تو وہ کیا کریں گے۔ ہاتھ پر ہاتھ دھرے تو نہیں بیٹھ سکتے بیچارے۔
٭پٹرول پانچ روپے اور ڈیزل دس روپے ہوا سستا، حکومت نے ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے کا کیا اعلان۔۔۔ایک خبر
مسلسل پچاس روپئے تک بڑھا کر پھر پانچ روپے کم کر کے حکومت یوں اتراتی پھر رہی ہے جیسے اس نے بہت بڑا کام کر دیا۔ساہوکاری کا اتنا بڑھیا کھیل آزاد بھارت کی تاریخ اس سے پہلے کبھی نہیں کھیلا گیا۔
٭کووڈ 19: عالمی ادارہ ء صحت نے یورپ میں فروری تک مزید پانچ لاکھ ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کر دیا۔۔۔ ایک عالمی خبر
یعنی خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے، ویکسینس کا اتنا بڑا جال بچھانے کے باوجود عالمی ادارہء صحت کا یہ خدشہ کئی سوالات جنم دے رہا ہے۔
٭چین کے جوہری ہتھیار دو ہزار تیس تک ایک ہزار سے تجاوز کر سکتے ہیں۔۔۔امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون
لیکن پھر بھی امریکہ سے کم ہی رہیں گے۔ اس لئے گھبر انے کی کوئی بات نہیں اور ان جوہری ہتھیاروں سے کسی کا کچھ نہیں بگڑنے والاکیونکہ یہ ہاتھی کے وہ دانت ہیں جو صرف دکھانے کے کام آتے ہیں چبانے کے نہیں۔
٭تری پورہ تشدد پر سیکولر سیاسی جماعتوں کی خاموشی تشویشناک۔۔۔ایک سرخی
انہیں اپنے ووٹوں کے بکھراؤ کا ڈر ہے بھلے سے وطن اور وطن کی امیج کا جنازہ نکل جائے۔